1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برفانی تودہ گرنے سے تین جرمن سیاح ہلاک، ایک لاپتہ

14 جنوری 2019

جرمن پولیس کے مطابق آسٹریائی کوہ الپس میں اسکیینگ کرنے والے تین جرمن سیاح ایک برفانی تودہ گرنے سے ہلاک ہو گئے ہیں۔ ان کا ایک ساتھی لاپتہ بتایا گیا ہے اور اُس کی تلاش جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/3BV1k
Österreich, Skigebiet Lech: Unglück an der  Rüfikopf-Seilbahn
تصویر: picture-alliance/M. Siepmann

اسکیینگ کے دوران برفانی تودے تلے دب کر ہلاک ہونے والے جرمن سیاحوں کی عمریں ستاون، چھتیس اور بتیس برس بتائی گئی ہیں۔ ان تینوں سیاحوں کی نعشیں اسکیینگ کے مشہور پہاڑی گاؤں لیخ کے قریب سے برف تلے دبی ملی تھیں۔ یہ چاروں افراد اسکیینگ کے مرکز سے بھی زیادہ دور نہیں تھے کہ برفانی تودے کی زد میں آ گئے تھے۔

ان کا چوتھا ساتھی لاپتہ بتایا گیا ہے۔ اس لاپتہ شخص کی عمر اٹھائیس برس ہے۔ اندھیرا چھا جانے کی وجہ سے تلاش کا عمل عارضی طور پر موقوف کر دیا گیا تھا۔ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ لاپتہ شخص کے بچنے کا امکان کم ہے کیونکہ وہ بھی برف میں دبنے کے بعد آگے چلا گیا ہے۔ اسکیینگ کے شوقین سیاحوں کو ویک اینڈ پر شدید برفباری کا سامنا تھا۔ اس باعث اتوار کو بھی تلاش کا سلسلہ جاری نہیں رکھا جا سکا تھا۔

Österreich, Skigebiet Lech: Unglück an der  Rüfikopf-Seilbahn
لیخ کا اسکیینگ سیاحتی مقام آسٹریا کی انتہائی مغربی ریاست فورالبیرگ میں واقع ہےتصویر: picture-alliance/M. Siepmann

ان لاپتہ افراد کی تلاش کا سلسلہ اُس وقت شروع کیا گیا، جب ایک مرنے والے کی اہلیہ نے پولیس کو اپنے شوہر کے لاپتہ یا رابطہ نہ کرنے کی رپورٹ درج کرائی۔ یہ حادثہ ہفتہ بارہ جنوری کو دن میں پیش آیا لیکن نعشیں مقامی وقت کے مطابق رات گیارہ بجے کے قریب ریسکیو ٹیم نے ڈھونڈ نکالی تھیں۔ لیخ کا اسکیینگ سیاحتی مقام آسٹریا کی انتہائی مغربی ریاست فورالبیرگ میں واقع ہے۔

پولیس کے مطابق ان چاروں کے پاس تمام حفاظتی سامان بھی موجود تھا لیکن برفانی تودے کے گرنے کے بعد اُن کے پہنے ہوئے لائف سیونگ ایئر لیگ کھل نہیں سکے تھے۔ مقامی حکام کی ہدایت پر پیر چودہ جنوری کو چوتھے لاپتہ شخص کی تلاش شروع کی جائے گی۔ ان تین ہلاکتوں کے بعد یورپ میں شدید برفباری سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد جوبیس تک پہنچ گئی ہے۔