برلن، بالی وُڈ اور بابی لون
15 جولائی 2016’’انڈو جرمن فلم ویک‘‘ کا افتتاح جمعرات کی شام سابقہ مشرقی برلن کے مرکز میں واقع تاریخی بابی لون سینما میں بھارتی سفیر گرجیت سنگھ نے کیا۔ انڈو جرمن فلم ویک کے دوران مہمانِ خصوصی اور معروف اداکار فرحان اختر کی بیش تر فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی لیکن اُن کی مشہور فلم ’’بھاگ ملکھا بھاگ‘‘ کا خصوصی جرمن پریمئر بھی دکھایا جائے گا۔ ہفتے کی شام ’’میٹ اینڈ گرِیٹ‘‘ نامی تقریب کے دوران فرحان اختر فلم ’’بھاگ ملکھا بھاگ‘‘ کے مرکزی کردار کو حقیقی شکل دینے کے مشکل تجربات کو اپنے جرمن پرستاروں کے ساتھ شیئر کریں گے۔
اپنی نوعیت کا یہ چوتھا انڈو جرمن فلم ویک چودہ سے بیس جولائی تک جاری رہے گا۔ مسلسل ایک ہفتے تک جاری رہنے والے ہندی سینما کے اس میلے میں سات ہندی فلموں کا جرمن پریمیئر منعقد کیا جا رہا ہے۔ فلم ویک کا افتتاح بالی وُڈ کے لیونگ لیجنڈ اور سپرسٹار امیتابھ بچن کی نئی فلم ’’تین‘‘ سے کیا گیا۔ مصنف و ہدایتکار ریبھو داس گپتا کی اس فلم میں امیتابھ بچن کے ساتھ ’بجرنگی بھائی جان‘ میں پاکستانی صحافی چاند نواب کا منفرد کردار نبھانے والے نوازالدین صدیقی کے ساتھ ساتھ ’’ڈرٹی پکچر‘‘ کی مرکزی اداکارہ ودیا بالن بھی بابی لون سینما گھر کے پردے پر نظر آئیں گی۔
ہندوستان اور پاکستان کے باکس آفس پر چھا جانے والی حالیہ فلم ’سلطان‘ بھی انڈو جرمن فلم ویک میں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔ جرمنی میں یہ فلم عیدالفطر کے موقع پر ریلیز کی گئی تھی۔ سپر سٹار سلمان خان کی دیگر فلموں کی طرح ’سلطان‘ کو بھی جرمن مداح بہت پسند کر رہے ہیں اور اس فلم کے تمام شوز ہاؤس فل جا رہے ہیں۔
انڈو جرمن فلم ویک کے آرگنائزر اسٹیفان اوٹنبروخ کا ڈی ڈبلیو اردو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ گزشتہ دس سال سے ہندی سینما کے ذریعے جرمن اور بھارتی عوام کو قریب لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ شروع شروع میں صرف شاہ رخ خان کی فلمیں دکھائی جاتی تھیں مگر جرمن عوام کی دلچسپی کے باعث بابی لون سینما میں چند سال تک ماہانہ بنیادوں پر فلمیں دکھانے کا آغاز کیا گیا اور اب ہفتہ وار بنیادوں پر بالی وُڈ فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جاتی ہیں۔ اوٹنبروخ کا مزید کہنا تھا کہ وہ چھوتھے انڈو جرمن فلم ویک سے کافی پُر امید ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ جرمن عوام بالی وُڈ کی خوبصورتی کو گیت اور رقص سے آگے بڑھ کر سنجیدہ آرٹ کی طور پر تسلیم کریں۔
انڈو جرمن فلم ویک کے اس رنگا رنگ پروگرام میں گائیکی اور رقص سیکھنے کی ورک شاپس کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جبکہ بابی لون سینما گھر کے سامنے ایک دوستانہ اسٹریٹ کرکٹ میچ بھی کھیلا جائے گا۔