1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برلینالے فلمی میلہ: بہترین فلم رومانیہ کی ’ٹچ می ناٹ‘

عابد حسین
25 فروری 2018

جرمن دارالحکومت برلن میں پندرہ فروری سے شروع ہونے والا بین الاقوامی فلم فیسٹول اپنی منزل کو پہنچ گیا ہے۔ اس میلے کی بہترین فلم رومانیہ کی خاتون ہدایت کارہ ادینا پینٹیلی کی تخلیق کردہ ہے۔

https://p.dw.com/p/2tInl
Filmstill -  Isle of Dogs – Ataris Reise
تصویر: 2017 Twentieth Century Fox

یورپی ملک رومانیہ کی اڑتیس سالہ ہدایتکارہ ادینا پینٹیلی کی فلم کا موضوع عوامی سطح پر جاری تحریک ہیش ٹیگ می ٹُو (#MeToo) سے جڑا ہے۔ اس فلم کا نام ’ٹچ می ناٹ‘ ہے۔ برلینالے میں بہترین فلم کا ایوارڈ گولڈن بیئر حاصل کرنے کے بعد ہدایت کارہ ادینا پینٹیلی نے کہا کہ وہ لوگوں کو دعوت دیتی ہیں کہ اس فلم کو دیکھ کر اس کے مکالموں اور عکاسی کے ساتھ ساتھ  مجبور صورت حال اور پیش کی جانے والی عریانیت کو اپنی بات چیت کا موضوع بنائیں۔

برلینالے، مہاجرین کے موضوع پر فلمیں بھی شامل

برلینالے فلم فیسٹیول میں جنسی استحصال میں ملوث ہدایتکاروں اور اداکاروں کی فلمیں شامل نہیں کی جائیں گی

برلن فلم فیسٹیول پوری آب و تاب میں

’مسلمانوں کی امیگریشن یورپ کو تباہ کر دے گی‘

برلینالے کے اعلیٰ ترین اعزاز کے لیے کُل انیس فلموں کے درمیان مقابلہ تھا۔ اس مرتبہ جیوری کی سربراہی مشہور جرمن ہدایت کار ٹام ٹیوک ویر کو تفویض کی گئی تھی۔ بہترین فلم کے لیے برلینالے کے فلمی میلے کا اعزاز گولڈن بیئر (سنہرا ریچھ) کہلاتا ہے۔ جیوری کے دیگر اراکین کا تعلق امریکا، جاپان، اسپین اور فرانس کی فلمی صنعتوں سے تھا۔

68. Berlinale | Preisträger Adina Pintilie - Goldener Bär für den Besten Film
رومانیہ کی ہدایت کارہ ادینا پینٹیلیتصویر: Getty Images/AFP/T. Schwarz

امریکی فلم ساز ویس اینڈرسن کی فلم ’کتوں کا جزیرہ یا Isle of Dogs کو دوسری بہترین فلم کا اعزاز دیا گیا۔ اینڈرسن کو بہترین ہدایتکار قرار دیا گیا اور اس باعث وہ سلور بیئر کے حقدار ٹھہرے۔ یہ اینی میٹڈ فلم ہے اور اس میں سیاسی موضوع کو اپنایا گیا ہے۔ اس فلم کے مکالموں میں مخفی طنزیہ مکالموں اور مضبوط اسکرین پلے کے تناظر میں یہ ابتداء سے ہی گولڈن بیئر کی حقدار تصور کی جا رہی تھی۔ اس میلے کی ایک اور اہم کیٹیگری گرینڈ جیوری پرائز ہے اور سن 2018 میں پولینڈ کی خاتون ہدایتکار مالگوروساٹا زموواسکا کی فلم ’مَگ‘ کو دیا گیا۔

برلینالے فلم فیسٹول میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ سلور بیئر جیتنے والی فلم Isle of Dogs کی اداکارہ انا برُون کو دیا گیا۔ انا برون کا تعلق لاطینی امریکی ملک پیراگوئے سے ہے۔ فرانسیسی اداکار اینتونی باژوں کو منشیات کی لت میں مبتلا شخص کی کردار نگاری پر بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔ انہوں نے یہ کردار فلم ’ دی پریئر‘ میں ادا کیا۔

Berlinale 2018 Las Herederas
بہترین اداکارہ کا ایوارڈ انا برُون کو دیا گیاتصویر: DW/E. Usi

رواں برس کی بہترین فلم ’ٹچ می ناٹ‘ کی خاتون ہدایت کارہ ادینا پینٹیلی رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ میں رہتی ہیں۔ وہ رومانیہ کے مشہور تعلیمی ادارے نیششنل یونیورسٹی آف تھیئٹر، فلم اور آرٹ سے فارغ التحصیل ہیں۔

ادینا پینٹیلی فلم سازی کے میدان میں سن 2006 سے فعال ہیں۔ اس دوران وہ وارسا اور لوکارنو کے انٹرنیشنل فلمی میلوں میں بھی شرکت کر چکی ہیں۔ جرمن شہر لائپزگ میں منعقد ہونے والے دستاویزی اور اینیمیٹڈ فلموں کے ڈوک (DOK) فیسٹول میں وہ گولڈن ڈوو (سنہری فاختہ) کا ایوارڈ بھی جیت چکی ہیں۔