برٹش گراں پری، لوئیس ہملٹن کے نام
5 جولائی 2015ہفتے کے دن پول پوزیشن حاصل کرنے والے برطانوی ڈرائیور لوئیس ہملٹن نے اتوار کو سلوراسٹون میں منعقد کی گئی برٹش گراں پری میں شاندار طریقے سے ریس کا آغاز کیا اور سرکٹ پر اپنی گرفت اور مہارت کا مظاہرہ کرتے رہے۔
ہملٹن نے مسلسل دوسری مرتبہ برٹش گراں پری میں کامیابی حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا ہے۔ یوں اب مرسیڈیز کے ڈرائیور ہملٹن کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد 194 ہو گئی ہے اور انہیں اپنے نزدیک ترین حریف نکو روز برگ پر سترہ پوائنٹس کی سبقت حاصل ہے۔
برٹش گراں پری میں دوسری پوزیشن ہملٹن کی ہی ٹیم کے جرمن ڈرائیور نیکو روز برگ نے حاصل کی، جو رواں سیزن میں دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔ ان کے کل پوائنٹس 177 ہیں۔
اس ریس میں تیسری پوزیشن فیراری ٹیم کے جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل کو حاصل ہوئی۔ وہ رواں سیزن میں چیمپئن شپ ٹائٹل کے مقابلے میں بھی تیسرے نمبر پر ہیں۔ اس سابقہ عالمی چیمپئن کے پوائنٹس 135 بنتے ہیں۔
رواں سیزن میں پانچویں اور مجموعی طور پر اڑتیس فتوحات حاصل کرنے والے ہملٹن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اس کامیابی پر انتہائی خوش ہیں۔
ہملٹن نے مجموعی طور پر تیسری مرتبہ برٹش گراں پری ٹائٹل اپنے نام کیا ہے اور یوں اب وہ فارمولا ون کے ایسے تیسرے برطانوی ڈرائیوار بن گئے ہیں، جنہوں نے یہ اعزاز اپنے نام کر رکھا ہے۔ ہملٹن سے قبل جم کلارک اور نائجل مانسیل نے بھی برٹش گراں پری میں کامیابی تین تین مرتبہ حاصل کی تھی۔
ہملٹن نے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا، ’’میں آپ کے لیے یہ فتح حاصل کرنا چاہتا تھا۔ میں تمام مداحوں کا شکرگزار ہوں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’کوئی اس بات کا اندازہ نہیں لگا سکتا کہ میں اس وقت کتنا خوش ہوں۔‘‘
رواں سیزن کی دس ریسیں ابھی ہونا باقی ہیں۔ اگلی ریس چھبیس جولائی بوڈا پیسٹ کے سرکٹ میں منعقد کی جائے گی۔ ہملٹن کے بقول وہ ہنگیریئن گراں پری میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔