1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بلااجازت ’دنیا کی چھت‘ پر چڑھنے کی کوشش، پاسپورٹ ضبط

Irene Banos Ruiz ع ب
8 مئی 2017

نیپالی حکام نے بلا اجازت ’دنیا کی چھت‘ پر چڑھنے کی کوشش کرنے والے ایک جنوبی افریقی شہری کا پاسپورٹ ضبط کرتے ہوئے اسے بائیس ہزار ڈالر جرمانہ کر دیا ہے۔ یہ اکیلا غیر ملکی بغیر پرمٹ کے ہی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے نکل پڑا تھا۔

https://p.dw.com/p/2cabZ
Mount Everest
’دنیا کی چھت‘ کہلانے والی اس چوٹی کو سر کرنے کے لیے ہر کوہ پیما کو نیپالی حکومت کا جاری کردہ ایک پرمٹ درکار ہوتا ہےتصویر: picture alliance/dpa/N. Shrestha

ہمالیہ کی ریاست نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو سے پیر آٹھ مئی کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق ملکی حکام نے آج بتایا کہ یہ جنوبی افریقی شہری دنیا کی بلند ترین پہاڑی چوٹی سر کرنے کی غرض سے ماؤنٹ ایورسٹ کی طرف سفر پر تھا کہ اسے فوری طور پر واپس نیچے اترنے کا حکم دے دیا گیا۔

ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے کے لیے باقاعدہ اجازت ناموں کے حامل غیر ملکی کوہ پیماؤں کے لیے قائم کردہ حکومتی بیس کیمپ کے رابطہ افسر گیانندرا شریسٹھ نے بتایا کہ اس جنوبی افریقی باشندے کا نام رائن شین ڈیوی ہے اور اس کی عمر 43 برس ہے۔

ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی کم عمر ترین لڑکی کی کہانی

ماؤنٹ ایورسٹ: بھارتی کوہ پیماؤں کے زندہ بچنے کی امید ختم

ایورسٹ کو سات بار سر کرنے والی دنیا کی پہلی خاتون ایک نیپالی

شریسٹھ نے بتایا کہ ڈیوی، جس کے پاس ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے کا کوئی پرمٹ نہیں تھا، اکیلا ہی اپنے ارادوں کی تکمیل کے لیے ایورسٹ کو جانے والے پہاڑی راستے کے دوسرے بیس کیمپ تک پہنچ گیا تھا۔

یہ کیمپ سطح سمندر سے قریب 6400 میٹر یا 21 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع ہے۔ گیانندرا شریسٹھ کے مطابق یہ غیر ملکی ماؤنٹ ایورسٹ کے دوسرے بیس کیمپ پر پہنچ کر اس لیے آرام کر رہا تھا کہ خود کو اپنے آگے کے سفر کے لیے مسلسل شدید ہوتے جا رہے موسمی حالات کے لیے تیار کر سکے۔

Erdbeben Flash-Galerie Makalu Kollision
8,848 میٹر یا 29,030 فٹ بلند ماؤنٹ ایورسٹ دنیا کی بلند ترین پہارٹی چوٹی ہےتصویر: picture-alliance/dpa

اے ایف پی کے مطابق نیپالی حکام نے اس جنوبی افریقی باشندے کی کوشش کا علم ہونے پر اسے نہ صرف فوری طور پر واپس نیچے اترنے کا حکم دے دیا بلکہ ساتھ ہی اس کا پاسپورٹ ضبط کرتے ہوئے اسے 22 ہزار امریکی ڈالر جرمانے کا فیصلہ بھی سنا دیا۔

نیپال میں زلزلے سے ماؤنٹ ایورسٹ بھی کھسک گیا

ایورسٹ کو پہلی بار سر کیے 61 برس ہو گئے

یہ اطلاعات بھی ہیں کہ ماؤنٹ ایورسٹ کے دوسرے بیس کیمپ تک پہنچنے کے بعد رائن شین ڈیوی نے، جو خود کو ایک فلم ڈائریکٹر اور پروڈیوسر قرار دیتا ہے، اپنے فیس بک پیج پر لکھا کہ وہ دنیا کی بلند ترین چوٹی کو سر کرنے کی کوشش میں محض چھ گھنٹوں میں سات ہزار میٹر کی بلندی تک پہنچ گیا تھا۔

نیپال میں کسی بھی غیر ملکی کو ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے کی کوشش سے پہلے اپنے لیے ایک سرکاری پرمٹ حاصل کرنا ہوتا ہے، جس کے لیے قریب 11 ہزار امریکی ڈالر کے برابر فیس ادا کرنا ہوتی ہے۔ ڈیوی کو اس فیس کا دگنا یعنی 22 ہزار ڈالر جرمانہ اس لیے کیا گیا کہ اس نے اپنے لیے پرمٹ حاصل کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی تھی۔

کھٹمنڈو میں نیپالی حکام کے مطابق یہ بھی ممکن ہے کہ اس جنوبی افریقی باشندے کے نیپال میں دوبارہ داخلے پر پانچ سال کے لیے اور اس کے نیپال میں کوہ پیمائی کرنے پر آئندہ دس سال کے لیے پابندی لگا دی جائے۔