بلغراد میں عالمی یونیورسٹی گیمز شروع
2 جولائی 2009دنیا بھر کی یونیورسٹیوں کے طلبہ کے عالمی کھیلوں کا آغاز یورپی ملک سیربیا کے دارالحکومت بلغراد میں ہو گیا ہے۔ یکم جولائی سے شروع ہونے والے ان کھیلوں کے حوالے سے یہ امر اِنتہائی اہم ہے کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ بلقان خطے میں اتنا بڑی اور عالمی نوعیت کے کھیلوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اِن کھیلوں میں دنیا کے ایک سو چالیس ملکوں کے ساڑھے آٹھ ہزار سے زائد طالبِ علم شریک ہیں۔
یونی ورسیاڈ 2009 ( Universiade 2009) کہلائے جانے والے یہ مقابلے اگلے گیارہ دِن تک جاری رہیں گے۔ دنیا بھر کے طالب علم پندرہ مختلف ڈسپلن میں شریک ہوں گے۔ جس کے لئے دارالحکومت بلغراد کے سٹیڈیم کے علاوہ کھیل کے دوسرے مختلف مقامات کی خاص طور پر ازسرِ نو تزئین و آرائش کی گئی ہے اور ان میں ایتھلیٹس کے نئے ٹریک کی تعمیر بھی شامل ہے۔
افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی سیربیا کے وزیر اعظم Mirko Cvetkovic تھے جنہوں نے کھیلوں کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا۔ افتتاحی تقریب Beogradska Arena کے ہال میں کی گئی تھی۔
یونیورسٹیوں کے عالمی کھیلوں میں چین، روس اور امریکہ سے بڑے طلباء کے ایتھلیٹوں کے دستے پہنچے ہیں۔ اِن دستوں شامل طلبا کی تعداد پانچ سو تک ہے۔
یونیورسیٹیوں کے عالمی کھیلوں کے منتظمین کو سوائن فلُو کے پھیلاؤ کی وجہ سے خاصی پریشانی بھی لاحق ہے کیونکہ گزشتہ دِنوں سیربیا میں اِچانک سوائن فلُو پھیلتا ہو ا محسوس کیا گیا ہے اور اب تک تیرہ مریضوں کی نشاندہی ہو چکی ہے۔ دوسری طرف امریکہ سے بھی ایک بڑا دستہ پہنچا ہے اور امریکہ میں سوائن فلُو میں مبتلا افراد کی تعداد دس لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
یونیورسٹی طلبا کے عالمی کھیلوں میں تیر اندازی، آرٹِسٹِک جِمناسنک، ایتھلیٹِکس، باسکٹ بال، ڈائیونگ، تلوار بازی، فُٹ بال، جِمناسٹک، جُوڈو، رِدھمِک جِمناسٹک، پیراکی، ٹیبل ٹینس، تائیکووانڈو، ٹینس اور واٹر پولو شامل ہیں۔
یونیورسٹی کے عالمی کھیلوں میں پُرتگال کے نیلسن ایوورا پر سب کی نظریں ہیں اور اُن کی حثیت ایک سٹار کی ہے۔ وہ گزشتہ یونیورسٹی کھیلوں میں ٹرپل جمپ کے گولڈ میڈلسٹ ہیں۔ ان مقابلوں میں بیجنگ اولمپک میں سات طِلائی تمغہ جیتنے والے ایتھلیٹ بھی شریک ہیں۔ اِس کے علاوہ کئی یورپی مقابلوں میں اعلیٰ اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوان طُلبہ ایتھلیٹس بھی بلغراد پہنچے ہوئے ہیں۔
یہ اَمر بھی دلچسپی کا حامِل ہے کہ بلغراد میں باسکٹ بال کا جنون پایا جاتا ہے اور وہاں کے مقامی اِس کو باسکٹ بال کا دارالحکومت خیال کرتے ہیں۔ یونیورسٹی کھیلوں کے اِنعقاد کے موقع پر بلغراد میں باسکٹ بال کا بخار اور بھی بڑھ گیا ہے۔ اِس مناسبت سے خواتین کی ٹیموں کے مقابلوں کو سیربیا کے شائقین کو خاص طور سےانتظار ہے اور امریکی خواتین طالب علموں کے کھیل کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے۔
یونیورسٹیوں کے عالمی کھیل یونی ورسیاڈ ہر دو سال بعد مُنعَقد کئے جاتے ہیں اور اگلے کھیلوں کا میزبان ملک چین ہے۔