1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا، بائیسواں میچ ڈے

13 فروری 2011

فیڈرل جرمن فٹ بال لیگ یعنی بنڈس لیگا کے بائیسویں میچ ڈے کے دوران بائرن میونخ اور بائر لیورکوزن اپنے اپنے میچ جیتنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر کی ٹیم بوروسیا ڈورٹمنڈ کے قریب آ گئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/10GQB
تصویر: dapd

بنڈس لیگا کے اس میچ ڈے کے پہلے دن یعنی ہفتے کو بائر لیورکوزن نے آئنتراخت فرینکفرٹ کو تین صفر سے شکست دی جبکہ بائرن میونخ نے ہوفن ہائم 1899 کو چار صفر سے ہرایا۔ ان کامیابیوں کی بدولت لیور کوزن کے پوائنٹس بیالیس جبکہ میونخ کے انتالیس ہو گئے ہیں۔

ہفتے کے دن ہی کھیلے گئے ایک میچ میں پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر براجمان ٹیم بوروسیا ڈورٹمنڈ اور فرسٹ ایف سی کائزرز لاؤٹرن کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ تاہم اس کے باوجود ڈورٹمنڈ کے نمبر باون ہیں۔

اس میچ کے بعد ڈورٹمنڈ کے کوچ ژُرگن کلاپ نے اپنی ٹیم کی بری کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ’میں صرف اتنا ہی کہوں گا کہ اس میچ میں ہم ایک پوائنٹ سے زیادہ کے مسحق نہیں تھے۔‘ انہوں نے برابر رہنے والے اس میچ کو اپنی کامیابی قرار دیا اور کہا، ’اپنے مد مقابل کی نسبت ہم ایک اچھی ٹیم تھے۔ لیکن ہم نے گول کرنے کے کوئی زیادہ مواقع پیدا نہیں کیے۔‘

Fußball Bundesliga - FC St. Pauli gegen Borussia Mönchengladbach
سینٹ پاؤلی کے کھلاڑی خوشی میںتصویر: dapd

بنڈس لیگا کے بائیسویں میچ ڈے کے دوران اس مرتبہ جمعہ کو کوئی میچ نہیں کھیلا گیا۔ اسی لیے ہفتے کو کل سات میچ ہوئے جبکہ دو میچ اتوار کو کھیلے جائیں گے۔

ہفتے کو کھیلے گئے دیگرمیچوں میں ہیمبرگ ایس وی نے وی ایف ایل وولفسبرگ کو ایک صفر سے ہرایا، ایف سی سینٹ پاؤلی نے بوروسیا مؤنشن گلاڈباخ کو تین ایک سے شکست دی، فرسٹ ایف سی نیورنبرگ نے وی ایف بی اشٹٹ گارٹ کو ایک کے مقابلے میں چار گولوں سے پچھاڑا جبکہ ایف سی شالکے 04 نے ایف سی فرائی برگ کو صفر ایک سے مات دی۔

اتوار کو فرسٹ ایف سی کولون اور ایف سی وی مائنز کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گی جبکہ دوسرا میچ ایس وی ویردر بریمن اور ہینوور 96 کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔

اس وقت مائنز اور ہینوور دونوں کے پوائنٹس سینتیس سینتیس ہی ہیں لیکن اچھی گول اوسط کی بنیاد پر مائنز چوتھے نمبر پر ہے جبکہ ہینوور کی پوزیشن پانچویں ہے۔ اتوار کے دن دونوں ہی ٹیمیں اپنے اہم میچ کھیلیں گی۔ اگر دونوں ہی کامیاب ہو جاتی ہیں تو بائیسویں میچ ڈے کے اختتام پر یہ ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل پر براجمان تیسرے نمبر کی ٹیم میونخ کو پیچھے چھوڑ جائیں گی۔ لیور کوزن کے پوائنٹس بیالیس ہیں اس لیے کم ازکم آئندہ میچ ڈے تک وہ دوسرے نمبر پر ہی رہے گی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں