بنڈس لیگا میں موئنشن گلاڈ باخ کی جیت
21 فروری 2011سوئس کوچ Lucien Favre نے حال ہی میں اس جرمن کلب کی کوچنگ کی ذمہ داری سنبھالی ہے۔ بنڈس لیگا کے سلسلے میں تیئیسویں میچ ڈے پر کھیلے گئے دیگر مقابلوں میں بائر لیور کوزن نے اشٹٹ گارٹ کو چار کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔
لیورکوزن کی ٹیم ہفتہ کو لیگ میں دوسری پوزیشن سے محروم ہوگئی تھی کیونکہ بائرن میونخ نے مائنز کو شکست دے کر اس پوزیشن پر قبضہ کر لیا تھا۔ اتوار کی جیت کے بعد لیور کوزن دوبارہ لیگ میں دوسری پوزیشن پر آگئی ہے۔
اتوار کو کھیلے گئے دوسرے مقابلے کے ابتدائی لمحات میں شالکے کی ٹیم کو برتری حاصل تھی۔ شالکے کے فارورڈ کلوگے نے دفاعی کھلاڑیوں کی غفلت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پہلے دو منٹ میں اپنی ٹیم کے لیے گول کر ڈالا۔ اس کے بعد موئنشن گلاڈ باخ کے کھلاڑیوں نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر پھرتی دکھانا شروع کی اور دس منٹ کے اندر اندر مقابلہ برابر کر ڈالا۔
موئنشن گلاڈ باخ کے لیے پہلا گول میچ کے 11ویں منٹ میں Reuss نے کیا جبکہ دوسرا گول کیمرون کے لیے کھیلنے والے ادریسو نے پہلا ہاف ختم ہونے سے 22 منٹ پہلے کیا۔ موئنشن گلاڈ باخ نے دوسرے ہاف میں شالکے کے متواتر حملوں کا کامیاب دفاع کیا۔ اس شکست کے بعد شالکے کی ٹیم لیگ میں 29 پوائنٹس کے ساتھ 10 ویں پوزیشن پر ہے جبکہ موئنشن گلاڈ باخ 19 پوائنس کے ساتھ آخری یعنی اٹھارویں درجے پر ہے۔
فاتح ٹیم کے کوچ Lucien Favre نے جیت کی صورت میں ملنے والے 3 قیمتی پوائنٹس پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ان کے برعکس شکست خوردہ شالکے کے کوچ Felix Magath کا کہنا ہے کہ چیمپیئنز لیگ پر بہت زیادہ توجہ ہونے کے سبب ان کے ٹیم بھرپور طریقے سے مقابلہ نہ کر سکی۔
رپورٹ : شادی خان سیف
ادارت : امجد علی