بنڈس لیگا: ڈورٹمنڈ دوسرے نمبر پر
4 فروری 2013ڈورٹمنڈ اور لیور کوزن کی ٹیمیں اتوار کو بیسیویں میچ ڈے کے آخری مقابلے کے لیے میدان میں اتریں۔ ڈورٹمنڈ نے یہ میچ دو کے مقابلے میں تین گول سے جیت لیا۔ اس میچ سے قبل لیور کوزن چیمپئن شپ کے ٹیبل پر 37 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھی۔
تاہم جیت کی بدولت ڈورٹمنڈ کے پوائنٹس 39 ہو گئے اور وہ تیسری سے دوسری پوزیشن پر پہنچ گئی ہے جبکہ لیورکوزن نیچے لڑھک گئی ہے۔
اتوار کو حسب معمول دو آخری میچ کھیلے گئے جن میں سے پہلے میں نیوریمبرگ نے مؤنشن گلاڈ باخ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔
قبل ازیں ہفتے کو بائرن میونخ کی ٹیم نے کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ اس چیمپئن شپ کے بیسویں میچ ڈے کے ایک مقابلے میں بائرن نے مائنز کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔
دیگر مقابلوں میں گروئتھر فیورتھ کے ہاتھوں شالکے کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈوسلڈورف نے اشٹٹ گارٹ کو پچھاڑ دیا۔ ہوفن ہائم نے فرائی برگ کو مات دی۔ آئنتراخت فرینکفرٹ نے ہیمبرگ کو ہرایا جبکہ وولفس برگ اور آؤگس برگ کے درمیان مقابلہ برابر رہا۔ جمعے کو اس میچ ڈے کے پہلے روز بریمن نے ہینوور کو دو صفر سے مات دی تھی۔
پوائنٹس ٹیبل
بائرن میونخ بدستور سر فہرست ہے اور رواں ہفتے اس کے پوائنٹس 51 ہو گئے۔ اس وقت یہ کسی بھی ٹیم سے بہت آگے ہے اور اس کی اس پوزیشن کو کوئی خطرہ دکھائی نہیں دیتا۔
آئنتراخت فرینکفرٹ 36 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ تیس پوائنٹس کے ساتھ مائنز پانچویں نمبر پر ہیں۔ شالکے اور مؤنشن گلاڈ باخ 29 انتیس پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب چھٹے اور ساتویں نمبر پر ہیں۔ اِن دونوں ٹیموں کو اس ہفتے کی شکست مہنگی پڑی ہے، جیت کی صورت میں یہ دونوں ہی ایک ایک پوائنٹ اوپر جا سکتی تھیں۔
فرائی برگ اور ہمبرگ بالترتیب آٹھویں اور نویں نمبر پر ہیں اور ان کے پوائنٹس 28 اٹھائیس ہیں۔ چھبیس پوائنٹس کے ساتھ ہینوور دسویں نمبر پر ہے۔
اس ہفتے لیورزن کے ساتھ چار ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل پر نیچے آئی ہیں۔ ان میں اشٹٹ گارٹ بارھویں پر، وولفس برگ پندرھویں پر اور آؤگس برگ سترھویں پر جا گری ہے۔
اس کے برعکس ڈورٹمنڈ کے ساتھ پانچ ٹیمیں اوپر گئی ہیں، جن میں بریمن گیارھویں پر، ڈسلڈورف تیرھویں پر، نیوریمبرگ چودھویں پر اور ہوفن ہائیم سولہویں پر جا پہنچی ہے۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: عدنان اسحاق