1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا کا اٹھارواں میچ ڈے مکمل

18 جنوری 2010

جرمن قومی فٹ بال لیگ بنڈیس لیگا کے موجودہ سیزن کے اگلے نصف حصے کا پہلا اور مجموعی طور پر اٹھارواں میچ ڈے مکمل ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/LYMU
بائر لیور کوزن کی ٹیم ایک بار پھر سرِ فہرست آ گئی ہےتصویر: AP

اِس اٹھارویں میچ ڈے کے آغاز پر جمعے کو کھیلے جانے والے ایک میچ میں بائرن میونخ نے ہوفن ہائیم کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا تھا، جس کے بعد بائرن میونخ کی ٹیم عارضی طور پر ہی سہی لیکن لیگ میں کھیل رہی اٹھارہ ٹیموں کی فہرست میں زیادہ پوائنٹس کی بنیاد پر پہلی پوزیشن پر آ گئی تھی۔ تاہم یہ خوشی عارضی ثابت ہوئی اور بائر لیور کوزن کی ٹیم مائنز کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر ایک بار پھر سرِ فہرست آ گئی ہے، اڑتیس پوائنٹس کے ساتھ۔

Fußball Bundesliga Schalke Nürnberg
دوسری پوزیشن پر اِس وقت شالکے زیرو فور کی ٹیم ہےتصویر: AP

بائرن میونخ چھتیس پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر چلی گئی ہے جبکہ سینتیس پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر اِس وقت شالکے زیرو فور کی ٹیم ہے، جس نے کل اتوار کو نوریمبرگ کے خلاف مقابلہ ایک صفر سے جیت لیا۔ یہ واحد فیصلہ کن گول ستائیس سالہ کَیوِن کُریانی نے کیا، جنہوں نے اعتراف کیا کہ یہ مقابلہ جیتنا آسان نہیں تھا:’’ہاں، یہ کام آسان نہیں تھا۔ پہلے ہاف میں ہماری کارکردگی اچھی نہیں تھی، دوسرے میں ہم اچھا کھیلے۔ ساتھی کھلاڑی فارفان نے بہت اچھا ایکشن شروع کیا، جس کی بدولت مَیں گول کرنے میں کامیاب ہوا۔‘‘

شالکے سے ہارنے والی نوریمبرگ کی ٹیم بارہ پوائنٹس کے ساتھ اٹھارہ ٹیموں کی اِس فہرست میں آخری سے پہلے یعنی سترہویں نمبر پر ہے۔ اِس ٹیبل میں چونتیس پوائنٹس کے ساتھ ہیمبرگر ایس وی چوتھی پوزیشن پر ہے، جس نے ایس سی فرائی بُرگ کو دو صفر سے ہرا دیا۔ اب تک کے سیزن میں مجموعی کارکردگی کے اعتبار سے پانچویں نمبر پر ہے، بورُسیا ڈورٹ مُنڈ کی ٹیم، جس نے کل اتوار کو شہر کولون میں میزبان ٹیم کو ایک انتہائی سنسنی خیز میچ میں دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔ کولون کی پوزیشن ٹیبل میں چودہوِیں ہے۔

جہاں بورُسیا ڈورٹ مُنڈ نے مسلسل پانچویں میچ میں فتح حاصل کی، وہاں ویردر بریمن کو مسلسل تیسری شکست اٹھانا پڑی، اِس بار آئن ٹراخٹ فرانک فُرٹ کے ہاتھوں، صفر کے مقابلے میں ایک گول سے۔ یوں ویردر بریمن کی ٹیم کے اٹھائیس پوائنٹس ہیں اور یہ چھٹے نمبر پر جا رہی ہے۔

رپورٹ : امجد علی

ادارت : عاطف توقیر