1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: ہوفن ہائم کی جیت

11 ستمبر 2010

بنڈس لیگا یا جرمن وفاقی فٹ بال لیگ کے تیسرے میچ ڈے کے سلسلے میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ہوفن ہائم شالکے کو دو صفر سے شکست دے کر اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رکھنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/P9b8
Isaac Vorsah گول کرنے کے بعدتصویر: AP

جمعہ کے دن ہوفن ہائم کے ہوم گراؤنڈ رائن نیکار ایرینا میں کھیلے گئے اس میچ میں جہاں بنڈس لیگا کے رواں سیزن میں میزبان ٹیم کو مسلسل تیسری کامیابی ملی، وہیں شالکے کلب کی یہ تیسری مسلسل ناکامی بھی ثابت ہوئی۔

اس میچ کے37 ویں منٹ میں گھانا سے تعلق رکھنے والے شالکے کے دفاعی کھلاڑی Isaac Vorsah نے گول کیا جبکہ 92 ویں منٹ میں شالکے کے گول کیپر مینول نائیر نے خود ہی اپنی ٹیم کے خلاف ایک مزید گول کر دیا۔

شالکے کا کلب گزشتہ سیزن میں دوسرے نمبر پر رہا تھا لیکن اس مرتبہ ابھی تک یہ کوئی بھی میچ نہیں جیت سکا اور اس کا کوئی بھی پوائنٹ نہیں ہے۔ اگرچہ شالکے کے کوچ فیلکس میگاتھ نے اس مرتبہ کئی اہم کھلاڑیوں کے ساتھ معاہدے کئے ہیں لیکن ان میں سے کوئی بھی ابھی تک شالکے کو کامیابی دلانے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

فیلکس میگاتھ نے جن کھلاڑیوں کو نیا نیا اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے، ان میں ہالینڈ کے معروف کھلاڑی Klaas-Jan Huntelaar شامل ہیں۔ وہ 35 ملین یورو کے ایک معاہدے کے ساتھ شالکے کا حصہ بنے ہیں۔

Fussball TSG 1899 Hoffenheim - FC Schalke 04
ہالینڈ کے معروف کھلاڑی Klaas-Jan Huntelaar بھی شالکے کو نہ جتوا سکےتصویر: AP

مسلسل تیسرا میچ ہارنے کے باوجود فیلکس میگاتھ نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم بہترین کھیل پیش کر رہی ہے،’’ ہمیں صرف ایک جیت کی ضرورت ہے اور پھر حالات ہمارے حق میں واپس لوٹ آئیں گے۔‘‘

بنڈس لیگا کے تیسرے میچ ڈے کے دوران کل 9 میچ کھیلے جائیں گے۔ جمعہ کو کھیلے جانے والے میچ کے علاوہ ہفتے کے دن پانچ جبکہ اتوار کو تین میچ کھیلے جائیں گے۔

اس وقت بنڈس لیگا کے پوائنٹ ٹیبل پرہوفن ہائم کی ٹیم 9 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔

رپورٹ : عاطف بلوچ

ادارت : افسر اعوان