1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈش لیگا پہلا میچ ڈے ختم ، ہوفن ہائم سر فہرست

23 اگست 2010

جرمن قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے پہلے میچ ڈے کا اختتام ہوگیا ہے۔ اتوار کے روز دو میچ کھیلے گئے، جن میں لیورکوزن نے ڈورٹمنڈ کو دو صفر سے ہرا دیا۔ مائنز نے بھی شٹٹگارٹ کو دو صفر سے ہی شکست دی۔

https://p.dw.com/p/Otiu

لیورکوزن کی جانب سے جرمنی کی قومی ٹیم کے سابق کپتان مشائیل بالاک بھی کھیل رہے ہیں اوراس طرح چار سال بعد ان کی قومی فٹ بال لیگ میں واپسی ہوئی ہے۔ بالاک اس قبل برطانوی کلب چیلسی سے کھیلتے تھے تاہم عالمی کپ سے پہلے چوٹ لگنے کے بعد چیلسی نے بالاک کے ساتھ کئے گئے معاہدے میں توسیع نہیں کی تھی۔

Flash-Galerie Bundesliga 1. Spieltag FC Köln vs Kaiserslautern
کولون کی ٹیم کو کائزرسلاؤٹیرن نے زبردست شکست دیتصویر: AP

لیورکوزن اورڈورٹمنڈ کے مابین کھیلے گئے میچ میں بالاک کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے اور مڈ فیلڈ میں کھیلنے کے باوجود ٹیم کی جانب سے کئے جانے والے دونوں گولوں میں ان کا کوئی بھی ہاتھ نہیں تھا۔ لیورکوزن کی جانب سے 19ویں منٹ میں برنیتا نے پہلا جبکہ 26 ویں منٹ میں ریناتو اوگستو نے دوسرا گول کیا۔ ڈورٹمنڈ کی ٹیم کوئی گول نہ کر سکی۔

اتوار کے روز کھلیے گئے دوسرے میچ میں مائنز کی ٹیم نے شٹٹگارٹ کو دو صفر سے شکست دی۔ مائنز کی جانب سے پہلی مرتبہ کھیلنے والے سامی نے 26ویں منٹ میں پہلا گول کیا۔ میچ کا دوسرا گول راسموسن نے کھیل کے دوسرے ہاف میں کیا۔

Bundesliga 1. Spieltag
مائنز کے کھلاڑی شٹٹ گارٹ کے خلاف دو صفر کی جیت پر خوش ہو رہے ہیںتصویر: picture alliance / dpa

بنڈس لیگا کے پہلے میچ ڈے کی شروعات جمعہ کے روز ہوئی تھی۔ اس روز ایک میچ کھیلا گیا جبکہ ہفتہ کے روز چھ میچ شیڈیول تھے۔ ان میں سب سے دلچسپ مقابلہ ہوفن ہائم اور بریمن کے درمیان تھا۔ بریمن کو ہوفن ہائم سے ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہارنا پڑا۔ ہوفن ہائم کی ٹیم سن 2008 ء میں پہلے حصے کی چیمپیئن تھی اور بعد میں وہ مکمل چیمپیئن شپ جیتنے میں ناکام رہی تھی۔

ہفتہ کے روز مؤنشن گلاڈ باخ اور نیورینبرگ کے درمیان میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ دونوں گول کھیل کے پہلے ہاف میں ہوئے تھے۔کولون کی ٹیم کوکائزرزلاؤٹرن سے ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہارنا پڑا۔ اسی طرح ایک اور کوالیفائی کرنے والی ٹیم سینٹ پاؤلی نے بھی اپنے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس نے فرائی بُرگ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔ ہنوور کلب کو فرینکفرٹ کے کلب پر فتح حاصل ہوئی۔

Bundesliga 1. Spieltag
لیورکوزن کی جانب سے سابق کپتان مشائیل بالاک بھی کھیل رہے ہیںتصویر: AP

گزشتہ سال دوسرے مقام پر رہنے والی ٹیم شالکے ہیمبرگ سے دو ایک ہار گئی۔ پہلے دن میونخ نے وولفس برگ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ وولفس برگ کی ٹیم سن 2008 میں قومی چیمپیئن شپ جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔ البتہ گزشتہ سال وہ اپنے اعزاز کا دفاع کرنے سے قاصر رہی۔ میونخ کی ٹیم سن 2009 میں ایک بار پھر چیمپیئن بننے میں کامیاب ہوئی تھی۔

اس طرح جرمن قومی ٹیم بنڈس لیگا کے48 ویں سیزن کے پہلے میچ ڈے میں کل نو میچ کھیلے گئے۔ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر پہلی تین پوزیشنوں پر ہوفن ہائم پہلے، سینٹ پاؤلی دوسرے جبکہ کائزرزلاؤٹیرن کی ٹیم تیسرے نمبر پر ہے۔ تینوں ٹیموں کو پوائنٹس تین تین ہیں، درجہ بندی میں فرق گولوں کی اوسط پر ہے۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: عابد حسین