1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہجرمنی

بيرونی ممالک میں تعطیلات گزارکر جرمنی لوٹنے والوں پر کڑی نظر

28 جون 2021

بيرون ممالک میں تعطیلات گزار کر جرمنی لوٹنے والوں کا کورونا ٹیسٹ اور ویکسینیشن کارڈ انتہائی سختی سے کنٹرول کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/3vgHx
Zum Check in
تصویر: Daniel Kubirski/picture alliance

موسم گرما کی چھٹياں بیرون ملک گزار کر جرمنی لوٹنے والے افراد کو سرحد پر کورونا کے خلاف حفاظتی ٹیکوں کا کارڈ اور کورونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ چیک کرانا ہوگی۔ جرمنی کے جنوبی صوبے باویریا کے وزیر صحت کلاؤس ہولٹسچک نے )ڈیلٹا میوٹیشن( یا ڈیلٹا متغیر کے پھیلاؤ کے تناظر میں ان قوائد پر سختی سے عمل درآمد پر زور دیا ہے۔

کرسچیئن سوشل یونین کے سیاست دان کلاؤس ہولٹسچک تمام سولہ جرمن ریاستوں کی مشترکہ کونسل، جسے GMK کہتے ہیں، کے چیئرمین اور باویریا کے وزیر صحت بھی ہیں۔ انہوں نے ہفت روزہ اخبار 'بلڈ ام زونٹاگ‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا، '' گزشتہ موسم گرما کے برعکس اس بار پورے جرمنی میں جگہ جگہ کورونا ٹیسٹ کے سینٹرز موجود ہیں۔ اب جرمنی میں داخلے سے قبل  کرائے گئے کورونا ٹیسٹ سے کام نہیں چلے گا بلکہ بارڈر کراسنگ اور ہوائی اڈوں پر کورونا ٹیسٹ کا نظام موجود ہے تاکہ سفر سے واپسی پر تازہ ترین ٹیسٹ کے ذریعے سخت کنٹرول رکھا جا سکے۔‘‘ کلاؤس ہولٹسچک نے کہا کہ رياست باویریا پہلے ہی وفاقی حکومت کے ساتھ اس وبا سے نمٹنے کے لیے تمام اقدامات کر رہی ہے۔

بنگلہ دیش میں ڈیلٹا ویریئنٹ کی افزائش، سخت سکیورٹی اقدامات

 

Symbolfoto Maskenpflicht auf öffentlichen Plätzen Düsseldorf
ڈوزلڈورف ایئرپورٹ: ماسک پہننے کی سخت تاکید۔تصویر: Geisler-Fotopress/picture-alliance

قرنطینہ لازمی 

یورپی ملک پرتگال کا سفر کرنے والوں اور وہاں سے تعطیلات گزارنے کے بعد جرمنی لوٹنے والوں کے لیے گزشتہ منگل سے ہی قوانین سخت تر کر دیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں گزشتہ جمعے کو وفاقی جرمن حکومت نے پرتگال اور روس کو 'وائرس ویریئنٹ‘ یا تغیر شدہ وائرس کے خطرات سے دوچار ملک قرار دینے کا فیصلہ کیا۔ اس درجہ بندی میں ایئر لائنز، بسيں اور ٹرین کمپنیوں پر وسیع تر ' ٹرانسپورٹ پابندی‘ عائد کر دی گئی ہے۔ ان کمپنیوں کو محض جرمن شہریوں یا جرمنی میں رہائش پذیر افراد کو جرمنی لانے کی اجازت ہوگی نیز ان افراد، جنہیں جرمنی آنے کی اجازت ہو گی، کو جرمنی آ کر 14 روز تک لازمی طور پر قرنطینہ ميں رہنا ہو گا۔

کورونا وائرس کے ڈیلٹا ویریئنٹ کے بارے میں ہم کیا جانتے ہیں؟

 

Coronavirus Testzentrum am Flughafen Köln Bonn
کولون بون ایئرپورٹ پر کورونا ٹیسٹ سینٹر۔تصویر: picture-alliance/Geisler/C. Hardt

 

ڈیلٹا وائرس کا غلبہ

پرتگال کے سفر و سیاحت کا بندوبست کرنے والی سب سے معروف کمپنی ' اولیمار‘ نے تعطیلات منانے والے سینکڑوں جرمنوں کو جلد از جلد واپس جرمنی لانے پر اتفاق کر لیا ہے۔ جرمن شہر کولون میں قائم اس کمپنی کے مینیجر نے بتایا کہ تمام سیاحوں کو پیر کی شام تک واپس جرمنی آنے کی بروقت پیش کش کر دی گئی ہے۔ وجہ یہ ہے کہ پرتگال میں اس وقت ڈیلٹا وائرس بُری طرح سے پھیل چکا ہے۔ پرتگال کی صحت کی انتظامیہ کے اعداد و شمار کے مطابق اس ملک میں ریکارڈ کیے جانے والے تمام نئے کیسز میں 50 فیصد کیسز ڈیلٹا وائرس کے ہیں جبکہ دارالحکومت لزبن میں 70 فیصد سے زائد نئے کیسز ڈیلٹا وائرس کے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

ایشیا میں کورونا وائرس کی تبدیل شدہ اشکال، دنیا کے لیے بڑا خطرہ

Deutschland Corona-Pandemie | Corona-Testzentrum am Flughafen Hannover-Langenhagen
ہنوور ایئرپورٹ کا کورونا ٹیسٹ سینٹر۔تصویر: picture-alliance/dpa/M. Frankenberg

متعدی امراض کی تحقیق کے جرمن ادارے رابرٹ کاخ انسٹیٹیوٹ کے تازہ ترین اعلان کے مطابق پرتگال اور روس میں ڈیلٹا وائرس کے وسیع پیمانے پر پھیلاؤ کے سبب وفاقی جرمن حکومت ان دونوں ممالک سے جرمنی میں مسافروں کے داخلے پر پابندی پر مجبور ہوئی۔ لزبن  اور روس کا میٹروپولیٹن شہر سینٹ پیٹرزبرگ خاص طور سے ڈیلٹا وائرس سے متاثر ہیں۔

روسی دارالحکومت میں نئے ریکارڈ ہونے والے 90 فیصد کیسز ڈیلٹا وائرس کے کیسز ہیں۔

کورونا وائرس کی نئی بھارتی قسم، برطانیہ جرمنی کے لیے خطرہ؟

ک م/ ع س) ڈی پی اے، اے پی ایف، آر ٹی آر(