1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بچوں کو جنسی مواد سے دور رکھنے کے لیے نیا اقدام

امتیاز احمد 21 فروری 2015

یوٹیوب جلد ہی ایک ایسی ایپ متعارف کروانے جا رہا ہے، جو خاص طور پر بچوں کے لیے بنائی گئی ہے۔ اس کے ذریعے والدین انٹرنیٹ کو کنٹرول کر سکیں گے تاکہ بچوں کی فحش مواد تک رسائی نہ ہو۔

https://p.dw.com/p/1EfVx
Symbolbild iPad Tablet Internet Jugendliche
تصویر: picture-alliance/dpa/B. von Jutrczenka

فحش اور نامناسب مواد کو ہٹانے کے علاوہ یو ٹیوب اپنی اس نئی ایپ میں ایسے سرچ نتائج کو نظر انداز کر دے گا، جس میں سیکس یا بچوں کے لیے ایسی ہی دیگر نامناسب الفاظ سے کسی ویڈیو کی تلاش کی جائے گی۔ علاوہ ازیں اس ایپ میں والدین کو ایسے مشورے بھی دیے جائیں گے کہ ان کے بچوں کو ایک ہی سیشن میں کتنی دیر تک ٹیلی وژن دیکھنا چاہیے۔

اگرچہ یو ٹیوب کی پالیسی ہے کہ فحش، تشدد آمیز اور ایسا دیگر مواد اس ویب سائٹ پر پوسٹ نہ کیا جائے، جو مروجہ معاشرتی اقدار کے منافی ہے لیکن اس کے باوجود یو ٹیوب پر ایسا مواد موجود ہوتا ہے۔ اس وجہ سے بہت سے والدین نے ویڈیو شیئرنگ کی اس ویب سائٹ کی انتظامیہ سے درخواست کی تھی کہ اس ویب سائٹ میں بالخصوص بچوں کے لیے ایک الگ سیکشن ہونا چاہیے۔

یہ ’یوٹیوب فار کیڈز ایپ‘ ممکنہ طور پر آئندہ پیر کے روز ریلیز کی جائے گی۔ اس میں ہزاروں ایسے چینلز رکھے گئے ہیں، جو خاص طور پر بچوں کے لیے ہیں۔ ان میں بچوں کی انٹرٹینمنٹ اور تعلیم کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ اس یوٹیوب چینل پر زیادہ تر مواد دو سے آٹھ سال کے بچوں کے لیے موزوں ہے۔

اس نئی ایپلیکیشن کی پراڈکٹ منیجر شمرت بین یئر نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو اس حوالے سے معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ یو ٹیوب پر بچوں کے لیے ایک سیکشن بنایا جائے گا، جیسا کہ ’نیٹ فلیکس‘ نے بنا رکھا ہے۔ سمارٹ فونز، ٹیبلٹس اور سمارٹ ٹیلی وژن کے لیے بنائی گئی نیٹ فلیکس نامی ایپلکیشن میں یہ سہولت موجود ہے کہ والدین اس میں بچوں کے لیے ایک خاص سیکشن بنا سکتے ہیں، جو ہر طریقے سے والدین کی اجازت سے کام کرتا ہے۔

شمرت بین یئر کے بقول بچوں کے لیے تخلیق کی گئی اس خصوصی ایپ کی تشہیر بھی کی جائے گی اور اس کے استعمال کے طریقوں کے حوالے سے والدین کو آگاہ بھی کیا جائے گا۔ ان کے بقول یو ٹیوب نے ابتدائی طور پر یہ ایپ امریکا کے لیے تیار کیا ہے۔ فی الحال یہ ایپلیکشن صرف اینڈرائڈ سوفٹ ویئر کے ساتھ کام کرے گی جبکہ ایپل کی مصنوعات کے لیے مطابقت رکھنی والی ایپ جلد ہی ریلیز کر دی جائے گی۔