بس کھائی میں جا گری، 43 ہلاک
11 ستمبر 2018انتظامیہ کے ایک سینیئر اہلکار بی راجے شام نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، ’’ہم نے ہلاک شدگان کو نکال لیا ہے اور اب انہیں ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔‘‘ بھارت کی جنوبی ریاست تلنگانہ کے ضلع جگتیال میں پیش آنے والے اس حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو بھی ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔ حکام کے مطابق اس حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیشی عمل جاری ہے۔
بھارتی نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق یہ بس معروف ہندو مندر کونگاتو انجانیا سوامی سے واپس آ رہی تھی جب سڑک سے نیچے کھائی میں جا گری۔ ٹیلی وژن پر دکھائی جانے والی فوٹیج میں مقامی افراد زخمیوں کو تباہ شدہ بس سے نکال کر پہاڑی سے اوپر لاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
بھارت کے این ڈی ٹی وی نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ بس ڈرائیور تیز رفتاری کا مظاہرہ کر رہا تھا اور نتیجتاﹰ بس پر کنٹرول کھو بیٹھا۔
اے ایف پی کے مطابق بھارت کی سڑکوں پر ہونے والے حادثات کے سبب ہر سال ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔ زیادہ تر حادثات کی وجہ خراب سڑکوں کو قرار دیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ گاڑیوں کی نامناسب دیکھ بھال اور ڈرائیونگ میں لاپرواہی بھی ان حادثات کی بڑی وجوہات ہیں۔
رواں برس جولائی میں بھارت کے مغربی حصے میں یونیورسٹی اسٹاف کو لے جانے والی ایک بس پہاڑی سے گِر گئی تھی جس کے نتیجے میں 33 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ بس داپولی ایگریکلچر یونیورسٹی کے اسٹاف کو ریاست مہاراشٹرا کے ایک معروف پکنک پوائنٹ پر لے جا رہی تھی۔
جولائی میں ہی ملک کے شمالی حصے میں ہمالیہ کے دامن میں ایک بس حادثے کے نتیجے میں 48 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس بس پر گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے۔
ا ب ا / ص ح (اے ایف پی)