بھارت بمقابلہ آسٹریلیا: تمام ٹکٹیں ایک گھنٹے میں فروخت
22 مارچ 2011یہ بات آج منگل کو بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں میں بتائی گئی ہے۔ بھارتی شہر احمد آباد سے ملنے والی رپورٹوں میں خبر ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری راجیش پاٹل کے حوالے سے بتایا کہ بھارت اور آسٹریلیا کا یہ میچ سردار پاٹل سٹیڈیم میں ہوگا۔ راجیش پاٹل کے بقول اس بہت ہی اہم کرکٹ میچ کی تمام ٹکٹیں اب فروخت ہو چکی ہیں۔ یہ ایک ڈے اینڈ نائٹ میچ ہو گا۔
بھارت موجودہ کرکٹ ورلڈ کپ کے ابتدائی راؤنڈ کے اپنے آخری میچ میں ویسٹ انڈیز کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں پہنچا تھا، جہاں اس کا اگلا مقابلہ اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والے عالمی چیمپئن ملک آسٹریلیا سے ہو گا۔
اس میچ کی تقریباﹰ 23 ہزار ٹکٹیں آن لائن فروخت کی گئیں جبکہ 20 ہزار کے قریب ٹکٹیں کاؤنٹرز پر بیچی گئیں۔ ان ٹکٹوں کو خریدنے والوں کا جوش و خروش اتنا تھا کہ یہ تمام قریب 43 ہزار ٹکٹیں ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں بک گئیں۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ان ٹکٹوں کو خریدنے کے لیے بہت بڑی تعداد میں جو سامعین کاؤنٹرز کے سامنے لمبی قطاروں میں جمع تھے، ان میں سے سینکڑوں کو نا امید ہی لوٹنا پڑا۔ یہ اطلاعات بھی ملی ہیں کہ کاؤنٹرز پر ان ٹکٹوں کی فروخت کے موقع پر کرکٹ کے شائقین کا ہجوم کسی حد تک قابو سے باہر بھی ہو گیا تھا۔
اس پر وہاں تعینات پولیس اہلکاروں کو معمولی سا لاٹھی چارج بھی کرنا پڑا۔ ایک پولیس افسر کے مطابق اس کی وجہ یہ بنی کہ ٹکٹیں ختم ہوجانے کے بعد چند مشتعل شائقین نے وہاں بنائے گئے حفاطتی دھاتی ریلنگ توڑنا شروع کر دیے تھے۔ اس لاٹھی چارج میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔
بھارت کرکٹ کے موجودہ ورلڈ کپ کے تین مشترکہ میزبان ملکوں میں سے ایک ہے۔ باقی دو میزبان ملک بنگلہ دیش اور سری لنکا ہیں۔ بھارت میں ورلڈ کپ کے گروپ میچوں کے دوران بنگلور اور ناگپور میں بھی ٹکٹوں کے حصول کے خواہش مند کرکٹ شائقین کی پولیس کے ساتھ جھڑپیں عمل میں آئی تھیں۔
رپورٹ: عصمت جبیں
ادارت: مقبول ملک