بھارت: دیوالی کے لیے جمع آتش بازی کے سامان میں دھماکہ
29 اکتوبر 2024سوشل میڈیا پر چلنے والی چند ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ پیر کی شام جنوبی ریاست کیرالہ کے نیلیشورم میں ایک مندر میں سیکڑوں افراد آتش فشاں دیکھنے کے لیے جمع تھے۔ اسی لمحے میں ایک عمارت کے اندر سے پٹاخوں کی آواز سنی گئی اور شعلوں کو آسمان کی طرف بلند ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔
مقامی پولیس سربراہ شلپا داوایہ نے خبر رساں ادارے ( اے ایف پی) کو بتایا، "تقریباﹰ 8 افراد کی حالت تشویش ناک ہے اور 154 کے قریب افراد جھلس کر زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 97 افراد کو ہسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔‘‘
داوایہ نے مزید کہا کہ لوگوں نے اس مقام کے بہت قریب آتش بازی کی جس عمارت میں پٹاخے اور آتش بازی کا دیگر سامان رکھا گیا تھا۔
مقامی حکومت کے ایک عہدیدار کیان بھاسکر نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے کسی بھی آتش بازی کے پروگرام کی اجازت نہیں تھی اور یہی وجہ ہے کہ حفاظتی انتظامات بھی نہیں کیے گئے تھے۔
بھارت میں تہواروں کے موقع پر حفاظتی انتظامات نا ہونے اور ہجوم زیادہ ہونے کے باعث اس طرح کے حادثات معمول کا باعث بن چکے ہیں۔
سال 2016 میں بھی ایک مذہبی تہوار کے موقعہ پہ مندر میں آتش بازی کے دوران ایک دھماکے میں 112 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ جس کے نتیجے میں مندر کی اتنظامیہ نے مندر میں آتش بازی پر پابندی عائد کر دی تھی۔
آتش بازی کے سامان میں دھماکہ، سات افراد ہلاک اور 75 زخمی
بھارت میں دیوالی کی تیاریاں عروج پر ہیں اور ہندوؤں کا یہ تہورا پٹاخوں کے بنا مکمل نہیں مانا جاتا تاہم اس سال فضائی آلودگی کے پیش نظر آتش بازی پر سخت پابندی عائد کی گئی ہے۔
ز ع/ ر ب (اے ایف پی)