1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: غیر مسلم بھی یکساں سول کوڈ کے مخالف کیوں؟

27 جولائی 2023

بھارت میں آج کل یونیفارم سول کوڈ یعنی یکساں سول قانون پر خاصی بحث ہو رہی ہے۔ بابری مسجد کی جگہ پر رام مندر قائم ہو چکا ہے اور کشمیر کی خصوصی حیثیت بھی نہیں رہی تو اب کوئی مسئلہ تو چاہیے تھا۔

https://p.dw.com/p/4UTyi
روہنی سنگھ، بلاگر
روہنی سنگھ، بلاگرتصویر: Privat

چند روز قبل صبح میں اپنے بیٹے کو بس اسٹاپ پر لے جا کر اسکول بس کا انتظار ہی کر رہی تھی کہ ہماری سوسائٹی میں رہنے والے دو مرد حضرات، جو میری طرح بچوں کو اسکول بس میں بٹھانے آئے تھے، نے یکساں سول کوڈ کا ذکر چھیڑ دیا۔ لگتا تھا کہ دونوں نے واٹ از اپ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ہوئی تھی۔ سنی سنائی بغیر تحقیق کی باتوں پر یقین کرکے ان کو آگے بڑھا رہے تھے۔ وہ اس بات پر خوش تھے کہ چلو اب مسلم خواتین اپنے گھروں میں ظلم ستم سے آزاد ہو جائیں گی۔

ایک حضرت تو کہہ رہے تھے کہ اگلے انتخابات کے لئے تو نریندر مودی جی نے مسلمان عورتوں کے ووٹ پکے کر لئے۔ اب ان کے مرد چاہے ان کو ووٹ دیں یا نہ دیں، سبھی مسلم عورتوں کے ووٹ تو مودی جی کے کھاتے میں چلے گئے۔ واٹ از اپ یونیورسٹی کے اسکالر کو چھیڑنا ایسے ہی ہوتا ہے کہ جیسے بھڑ کے چھتے میں ہاتھ ڈالنا۔ اسی لئے میں ان کی بات چیت میں شامل نہیں ہونا چاہتی تھی۔

 مگر برداشت کی بھی ایک حد ہوتی ہے۔ میں نے ایک لاعلم گھریلوخاتون جیسا رویہ اختیار کر کے پوچھا کہ مسلمان تو اس قانون کی مخالفت کرتے ہیں، تو ٹھیک ہے،سمجھ میں آتا ہے مگر ان سکھوں اور قبائیلوں یعنی شڈیولڈ ٹرائبس کو کیا ہوگیا ہے کہ وہ بھی اس کی مخالفت کر رہے ہیں؟

میرے سوال کا کوئی معقول جواب دینے کے بجائے ان کا چہرہ دھواں دھواں ہو گیا۔ ایک نے دور کی کوڑی لا کر کہا کہ انہوں نے تو نہیں سنا کہ سکھ اور ہندو قبائلی اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔

 جب میں نے فون کھول کر ان کو خبر اور سکھ لیڈروں اور شمال مشرقی علاقوں کے خود حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈروں کے بیانات دکھائے، تو ان کے منہ سے بس اتنا نکلا، ”لگتا ہے کہ ان کو کوئی گمراہ کر رہا ہے۔" اسی دوران بس آ گئی اور بچے اسکول چلے گئے۔ مگر ان دونوں اسکالرز کو جیسے چپ لگی تھی۔ ان کو یقین نہیں آرہا تھا کہ کوئی غیر مسلم بھی یکساں سول کوڈ کا مخالف ہو سکتا ہے۔

ویسے یہ صرف ان کا قصور نہیں تھا۔ عوام کی غالب اکثریت اس یکساں سول کوڈ کو مسلمانوں کے نظریے سے دیکھتی ہے۔ ان کو نہیں معلوم کہ دیگر فرقے بھی اس کے مخالف ہیں۔ ان کو نہیں معلوم کہ اس قانون کے عمل میں آنے سے ہندو مشترکہ خاندان کا قانون بھی ختم ہو جائیگا، جس کی  وجہ سے ان کو انکم ٹیکس وغیرہ میں بھاری چھوٹ ملتی ہے۔

پھر یہ خدشہ بھی بجا ہے کہ یکساں سول کوڈ کی آڑ میں یہ بھی بتایا جائیگا کہ اب شادی کے وقت نکاح یا دیگر اقوام کی رسوم کے بجائے بس ہندو طریقے کے آگ کے ارد گرد سات پھیرے لگانے سے ہی شادی کو تسلیم کیا جائیگا۔ یہ خدشہ بھی سر اٹھا رہا ہے کہ کہیں اس کی آڑ میں ہندو کوڈ یا ہندو رسوم و رواج کو دیگر اقوام پر تھوپا جائیگا۔

بھارت میں سکھ مسلمانوں کے بعد دسری سب سے بڑی اقلیت ہے۔ شادی بیاہ، وراثت و دیگر سول قوانین ان کے ہاں بھی ہندوؤں سے مختلف ہیں۔ سکھ آنند ایکٹ کے تحت شادیاں کرتے ہیں، جو ہندو میرج ایکٹ سے بلکل مختلف ہے۔ ہندو قوم پرستوں کی مربی تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) پچھلے ایک سو سالوں سے بھر پور کوششیں کر رہی ہے کہ کسی طرح سکھ ہندو کوڈ میں ضم ہو کر ہندو ازم کا ہی حصہ بن جائیں۔ مگر ابھی تک وہ اس مشن میں ناکام ہوئی ہے۔

 اسی طرح چھتیس گڑھ، جھاڑکھنڈ اور اڈیشہ میں رہنے والے قبائیلیوں کے الگ الگ رسو م و رواج ہیں۔ بھارت کے شمال مشرق میں گارو اور خاصی قبائل کے بھی وراثت اور شادی کے اپنے طور طریقے ہیں۔ ان معاشروں میں تو عورت خاندان کی سربراہ ہوتی ہے اور جائیداد کی وارث خاندان کی عورت ہوتی ہے۔ ناگالینڈ میں تو عورت ہی بارات لیکر مرد کو اپنے گھر لے کر آتی ہے۔ وہاں ؟ بھیوراثت عورت سے ہی چلتی ہے۔ کیا یکساں سول کوڈ سے ان علاقوں کی بااختیار خواتین سے  اب اختیارات چھینے جائیں گے۔  

مغربی صوبہ گوا میں پرتگالی نسل کے رہنے والے پرتگالی سول قانون کی رو سے صدیوں سے اپنی سماجی زندگی گزار رہے ہیں۔ وہ بھی اب اس نئے قضیہ سے خوف زدہ ہیں۔ خود 2018 میں لاء کمیشن آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں لکھا تھا کہ چونکہ بھارت مختلف فرقوں، مذاہب اور زبانوں کا ملک ہے، اس لئے یکساں سول کوڈ کو نافذ کرنا پیچیدہ عمل ہوگا۔ اس لئے اس کا نفاذ ضروری ہے نہ مطلوب ہے۔ اس کے مطابق ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام فرقے اپنے عائلی قوانین میں خواتین کو بااختیار بنانے کی سعی کریں اور اس سلسلے میں قوانین، رسوم و رواج میں ترمیم کریں۔

تاہم یکساں سول کوڈ کو پورے ملک میں لاگو کروانا آر ایس ایس کا دیرینہ ایجنڈا رہا ہے۔ جب 1953 میں ہندو کوڈ بل پاس ہوا، اس وقت سے ہی آر ایس ایس، ہندو مہاسبھا اور دیگر دائیں بازو کی ہندو تنظیمیں یکساں سول کوڈ کا ڈھول پیٹ رہی ہیں۔ ہندو کوڈ بل نے نہ صرف ہندو خواتین کو اپنے شوہر سے طلاق لینے کا حق دیا، بلکہ عورتوں کو جائیداد میں وراثت کا حق بھی فراہم کر دیا۔ ورنہ تو قدیم ہندو دھرم میں عورت کی حیثیت ایک بے زبان جائیداد جیسی ہوتی تھی۔

ہندو دھرم میں طلاق نام کا کوئی لفظ نہیں ہوتا تھا۔ شادی ایک مقدس جنم جنم کا بندھن مانا جاتا تھا، جس کو آگ ہی الگ کر سکتی تھی۔ یعنی مرنے کے بعد چتا میں آگ لگانے سے ہی مرد اور عورت الگ ہو سکتے ہیں۔ ایک صدی قبل تو چتا بھی الگ نہیں کرتی تھی، ستی کی رسم نبھاتے ہوئے بیوی بھی شوہر کی موت کے بعد زندہ ہی اسی کی چتا پر جل کر اسی کے ساتھ راکھ ہو جاتی تھی۔ 

سینٹر فار اسٹڈی آف ڈویلپنگ سوسائٹیز کے پروفیسر ہلال احمد کہتے ہیں، ”اونچی ذات کا ہندو معاشرہ جو کہ عموما پدرانہ نوعیت کا ہے، کو اس قانون کے تحت عورتوں کو حقوق دینے پر مجبورکیا گیا تھا۔ اس ہندو برادری کو ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ اس طرح کا قانون صرف ان ہی کے اوپر لاگو کیوں ہے، جبکہ مسلم برادری پر ایسی کوئی پابندی نہیں ہے۔"

نریندر مودی حکومت کے لیے عوام پر اپنا فیصلہ زبردستی مسلط کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے، پھر چاہے وہ شہریت ترمیمی قانون ہو یا جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 کی تنسیخی کا معاملہ ہو۔ ان تمام معاملات میں زیادہ تر بھارت کے مسلمان ہی متاثر ہو رہے تھے۔ لیکن یہ شاید پہلی بار ہوا ہے کہ وار تو مسلمانوں کو ٹارگٹ کرکے کیا گیا مگر اس کی زد میں سکھ، قبائلی برادری، عیسائی اور دیگر ان گنت فرقے آرہے ہیں، جس کی وجہ سے ابھی تک حکومت یکساں سول کوڈ کا کوئی مسودہ پیش نہیں کر پا رہی ہے۔

 بس واٹ از اپ یونیورسٹیوں سے ایک بھرم پھیلایا جا رہا ہے کہ مسلمانوں کو کنٹرول کرنا اور ان کی خواتین کو ان کے مردوں سے آزاد کرنے کا بیڑا مودی جی نے اٹھایا ہے۔ اب وہ کس طرح سکھوں اور دیگر فرقوں کو اس یکساں سول کوڈ میں کیسے شامل کرتے ہیں، یہ دیکھنا باقی ہے۔  مگر یہ بات تو طے ہے کہ یکساں سول کوڈ صرف مسلمانوں کا مسئلہ نہیں ہے۔

نوٹ: ڈی ڈبلیو اردو کے کسی بھی بلاگ، تبصرے یا کالم میں ظاہر کی گئی رائے مصنف یا مصنفہ کی ذاتی رائے ہوتی ہے، جس سے متفق ہونا ڈی ڈبلیو کے لیے قطعاﹰ ضروری نہیں ہے۔

Rohinee Singh - DW Urdu Bloggerin
روہنی سنگھ روہنی سنگھ نئی دہلی میں مقیم فری لانس صحافی ہیں۔