1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: مزدروں کا پیدل سفر اور ہلاکتیں جاری

12 مئی 2020

بھارت میں دو ماہ سے جاری لاک ڈاؤن میں درجنوں مہاجر مزدرگھر واپسی کے لیے پیدل یا پھر سائیکل سے سفر کے دوران ہلاک ہو چکے ہیں اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/3c4iB
Indien Neu-Delhi Frau mit Kind während Coronakrise
تصویر: Getty Images/Y. Nazir

بھارت میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے جاری لاک ڈاؤن سے سب سے زیادہ غریب افراد، خاص طور پر مہاجر مزدر، متاثر ہوئے ہیں۔ ملازمت، روزگار اور کھانے پینے کی چیزوں سے محروم ایسے افراد اپنے آبائی علاقوں تک واپسی کے لیے بے چین ہیں اور اس کوشش میں اب تک درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں چار مزید مہاجر مزدور گھر کی واپسی کے دوران ہلاک ہوئے جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ چھ مزدروں پر مشتمل ایک قافلہ ریاست مہاراشٹر سے ایک آٹو رکشہ میں سوار ہوکر یوپی کے جون پور آرہا تھا۔ تقریبا 1300 کلو میٹر کا سفر طے کرنے کے بعد جب یہ لوگ گھر کے قریب تھے کہ فتح پور کے پاس ایک ٹرک سے ٹکّر میں ایک خاتون اور ان کی بیٹی موقع پر ہی ہلاک ہوگئی۔ اس واقعے میں دیگر افراد کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔

اسی طرح کے ایک دوسرے واقعے میں منگل بارہ اپریل کی صبح ہریانہ میں پیدل سفر پر نکلنے والے ایک مزدر کی موت ہوگئی۔ دو مزدور انبالہ سے بہار کے لیے پیدل سفر پر نکلے تھے جنہیں ایک کار نے ٹکّر مار دی۔ ان میں سے ایک موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا شدید طور زخمی ہسپتال میں زندگی اور موت سے نبرد آزما ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں مزدوروں کا تعلق بہار سے ہے جو گھر جا رہے تھے۔

گزشتہ رات سائیکل پر سوار ایک اور مہاجر مزدور گھر جانے کے دوران رائے بریلی میں ہلاک ہوا۔ 25 سالہ مہاجر مزدور شیو کمار داس مغربی یوپی کے بلند شہر سے بہار جا رہے تھے اور وہ بھی کار حادثے کا شکار ہوگئے۔ گزشتہ روز سائیکل پر سوار دو اور مہاجر مزدورگورکھپور میں ہلاک ہوئے  تھے۔ یہ جنوبی ریاست تلنگانہ سے آرہے تھے۔ اس سے قبل 26 سالہ صغیر لکھنؤ میں ہلاک ہوئے جو دلی سے بہار سائیکل پر جا رہے تھے۔  اور چند روز قبل ہی لکھنؤ میں چھتیس گڑھ کے میاں بیوی اس وقت ہلاک ہوگئے جب وہ اپنے بچوں کے ساتھ سائیکل پر گھر واپس جانے کی کوشش کررہے تھے۔ 

Delhi Indien Gastarbeiter fahren zurück in die Heimat
تصویر: DW/M. Raj

گزشتہ تقریبا ًڈیرھ ماہ سے اس طرح کی خبریں متواتر مل رہی ہیں۔ بظاہر یہ تمام افراد حادثات کا شکار ہوئے لگتے ہیں لیکن اس کے پیچھے لاک ڈاؤن کے سبب پنپنے والی بے روزگاری، فاقہ کشی، غیر یقینی صورتحال اور افراتفری ہے۔ بے سہارا اور بے یار و مددگار مزدورں میں ایک عجیب سا خوف اور اضطراب ہے کہ جان کی پرواہ کیے بغیر سب اپنے گھروں کوواپسی کے لیے بے چین ہیں۔

مایوسی اور اضطراب کی کیفیت اور بھوک سے کورونا کا خوف زائل ہوگیا ہے اور وہ ہزاروں میل کا سفر پیدل طے کرنے کے لیے مجبور ہیں۔

 کوئی سائیکل پر سوار ہے تو کوئی راستے میں ٹرک، ٹریکٹر یا جو بھی سواری ملے اس سے مدد لے کر گھر پہنچنا چاہتا ہے۔ حسب معمول جب تک حکومت کو اس کا احساس ہوتا بہت دیر ہوچکی تھی۔ ان مہاجر مزدوروں کے لیے ریل یا بسوں کے کچھ انتظامات بھی کیے گئے ہیں تاہم ہر جانب افراتفری کا عالم ہے اور بحران اس بڑے پیمانے کا ہے کہ حکومت کے انتظامات کو 'اونٹ کے منہ میں زیرہ' سے تعبیر کیا جا سکتا ہے۔

چند روز قبل ریاست مہاراشٹر سے بیس مزدروں کا قافلہ ریاست مدھیہ پردیش کے بھساول جا رہا تھا اورتقریبا ًپچاس کلومیٹر کے پیدل سفر کے بعد ریل کی پٹری پر رات کے وقت آرام کے لیے رکا تو انہیں نیند آگئی۔ اس میں سے سولہ مزدور علی الصبح پٹری پر آنے والی مال گاڑی  کے نیچے کٹ کر ہلاک ہوگئے۔ ابھی اس واقعے پر حکومت اور وزراء افسوس کا اظہار کر ہی رہے تھے کہ مدھیہ پردیش سے یوپی آنے والے چھ مزدور اس وقت ہلاک ہوگئے جب ایک ٹرک راستے میں پلٹ گیا۔ 

ایسے واقعات کی فہرست طویل ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ اس پر نہ تو ریاستی حکومتوں کی اور نہ ہی مرکزی حکومت کی کوئی خاص توجہ ہے۔  اس وقت سب کورونا وائرس  کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے میں مصروف ہیں۔   

نہ اِدھر نہ اُدھر: بھارت کے شہروں ميں پھنسے مزدوروں کی روداد