1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں دنیا کی سب سے بڑی کووڈ ویکسین مہم شروع

عاطف بلوچ خبر رساں ادارے
16 جنوری 2021

بھارت نے دنیا کی سب سے بڑی کووڈ ویکسین مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ دریں اثنا کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی ہلاکتوں کی تعداد دو ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/3o0Ya
COVID-19-Impfung in Indien
تصویر: Rajanish Kakade/AP Photo/picture alliance

عالمی ادارہ صحت کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق اب تک دنیا بھر میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد دس کروڑ کے قریب پہنچ  چکی ہے جبکہ اس سے ہلاک ہونے والے  افراد کی تعداد بیس لاکھ انیس ہزار سے زائد ہے۔ دسمبر سن دو ہزار انیس میں چینی شہر ووہان سے شروع ہونے والی یہ وبا اب دو سو تئیس ممالک کو اپنی لپیٹ میں لی چکی ہے۔

بھارت میں بڑی ویکسین کا مہم کا آغاز

 بھارت میں دنیا کی سب سے بڑی کووڈ ویکسین مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ ہفتے کے دن نئی دہلی کے ایک سرکاری ہسپتال میں سب سے پہلے ایک ہیلتھ ورکر کو ویکیسن لگائی گئی۔

یہ بھی پڑھیے: بھارت: لوگوں کو اندھیرے میں رکھ کر ویکسین کا تجربہ

اس مہم کے تحت بھارت کی ایک اعشاریہ تین بلین آبادی میں سے تین سو ملین افراد کو وسط جولائی تک یہ ویکیسن لگائی جائے گی۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے نشریاتی خطاب میں اس مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک نے ابھی تک اتنی بڑی مہم شروع نہیں کی ہے۔ بھارت اس عالمی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔

نئی قسم تیزی سے پھیلے گی

کورونا وائرس کی نئی قسم انتہائی تیزی سے پھیل رہی ہے اور عالمی سطح پر یومیہ سات لاکھ سے زائد افراد اس نئی قسم  سے متاثر ہو رہے ہیں۔ اس عالمی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا کے  طبی حکام نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ ہفتوں میں کووڈ کی نئی قسم مزید تیزی سے پھیل سکتی ہے۔

امریکا میں بیماریوں کی روک تھام کے وفاقی ادارے سی ڈی سی کے مطابق سردیوں میں کووڈ کے زیادہ کیس سامنے آنے کی وجہ سے ملکی نظام صحت سخت مشکلات کا شکار ہو سکتا ہے۔

اس صورتحال میں عالمی ادارہ صحت نے اپیل کی ہے کہ کووڈ ویکسین لگانے کے عمل میں تیزی لائی جائے تاہم ویکیسن بنانے والی امریکی کمپنی فائزر نے کہا ہے کہ جنوری میں ویکسین کی سپلائی میں سستی پیدا ہو گی۔

یورپ میں ویکسین کی ڈیلیوری میں تاخیر

 آئندہ کچھ ماہ کے دوران یورپی یونین رکن ممالک کو بائیو ٹیک فائزر کی کووڈ ویکسین کے کم یونٹس فراہم کیے جائیں گے۔ اس کمپنی کے مطابق وہ اپنی پروڈکشن میں تیزی لانے کی کوشش میں ہے تاکہ ویکسین کی عالمی طلب کو پورا کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیے:یورپی اقوام کے لیے کورونا ویکسین کی قلت

طے شدہ ویکیسن یونٹس کی تعداد میں کمی پر متعدد یورپی ممالک نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس 'ناقابل قبول‘ قرار دے دیا ہے۔ اس ویکسین کی ڈیلیوری میں جرمنی میں بھی ایک ماہ کے لیے تاخیر ہو جائے گی۔ برلن حکومت نے یورپی کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ ویکسین ڈیلیوری کے حوالے سے ضابطے طے کیے جائیں۔

برطانیہ نے تمام سرحدیں بند کر دیں

برطانوی حکومت نے کہا ہے کہ کووڈ کی نئی قسم کا مقابلہ کرنے کی خاطر پیر سے سخت سفری پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔ وزیر اعظم بورس جانسن کے مطابق ملک میں داخل ہونے والے پر شخص کو منفی کووڈ ٹیسٹ دکھانا پڑے گا۔

جانسن نے مزید کہا کہ یہ نئے ضابطے پندرہ فروری تک لاگو رہیں گے۔ جانسن کے مطابق کورونا کی نئی قسم تیزی سے پھیل رہی ہے اور اس کا مقابلہ کرنے کی خاطر عوام کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ کورونا کی نئی قسم سب سے پہلے برطانیہ میں ہی تشخیص کی گئی تھی۔