1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں سب سے اونچے رہائشی ٹاور کی تعمیر

9 جون 2010

بھارت کے شہر ممبئی میں دنیا کا سب سے اونچا رہائشی ٹاور بنایا جائے گا۔ اس ٹاور کی اونچائی چار سو بائیس میٹر ہوگی جبکہ اس میں کل تین سو اپارٹمنٹز بنائے جائیں گے۔ یہ منصوبہ سن 2014ء تک مکمل ہو جائے گا۔

https://p.dw.com/p/Nlee
تصویر: Luke Jaworski

بھارت کی ایک تعمیراتی کمپنی لودھا ڈویلپرز نے کہا ہے کہ ممبئی میں بنائے جانے والے اس ٹاور کا ڈیزائن نیویارک سے تعلق رکھنے والے Pei Cobb Freed اور ان کے ساتھی تخلیق کریں گے اور اس رہائشی ٹاور کی کل ایک سو سترہ منازل ہوں گی۔ پائی کوب فریڈ پیرس کے مشہور زمانہ Louvre Pyramid اور ہانگ کانگ کی بینک آف چائنا بلڈنگ کے ڈیزائن تیار کر چکے ہیں۔

Burj Dubai Turm Tower
برج خلیفہ کا ایک منظرتصویر: AP

لودھا ڈویلپرز کے مینجنگ ڈائریکٹر ابھیشک لودھا نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ چار سو بائیس میٹر اونچا یہ ٹاور اپنی نوعیت کی سب سے اونچی عمارت ہو گی۔ بھارتی اقتصادی شہہ رگ ممبئی کے وسط میں تعمیر کیا جانے والا یہ ٹاور سن 2014ء تک مکمل ہو جائے گا۔ اس ٹاور میں اپارٹمنٹز کے علاوہ کیفے بھی ہوں گے۔

عالمی اقتصادی بحران کے باوجود بھارت میں جائیداد کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ وہاں جائیداد کے کام میں اب بھی بہت زیادہ منافع کمایا جاتا ہے۔ ابھیشک نے کہا ہے کہ یہ ٹاوربھارت کی پہچان ثابت ہوگا۔ ایک اندازے کے مطابق اس کی تعمیر پر440 ملین ڈالر کی لاگت آئے گی۔

اس تعمیراتی منصوبے کی کمپنی لودھا نے کہا ہے کہ اس ٹاورمیں بنائے جانے والے اپارٹمنٹز کی فروخت کا سلسلہ اسی ماہ شروع کردیا جائے گا۔ لودھا ڈویلپرز نے توقع ظاہر کی ہے کہ اس ٹاور کے ایک اپارٹمنٹ کی قیمت75 ملین روپے ہو گی جبکہ ایک لگژری اپارٹمنٹ دس اعشاریہ پانچ ملین ڈالر کا بکے گا۔

اس وقت دنیا کی سب سے اونچی رہائشی عمارت آسٹریلیا میں ہے، جس کی اونچائی 323 میٹر ہے۔ اس وقت بھارت میں سب سے اونچی عمارت ایمپریل جڑواں ٹاورز ہیں، جو 249 میٹر اونچے ہیں۔

Louvre bei Nacht
رات کےوقت Louvre Pyramidتصویر: AP

دنیا کی اونچی ترین بلڈنگ دبئی میں واقع ہے۔ برج خلیفہ نامی اس عمارت کی اونچائی 828 میٹر ہے تاہم یہ صرف رہائشی مقاصد کے لئے ہی نہیں استعمال کی جاتی بلکہ اس میں دفاتر اور شاپنگ سینٹرز بھی ہیں۔

بھارت میں جائیداد کے کام پرنظررکھنے والے ایک ماہرپرام ڈیسائی نے خبررساں ادارے اے ایف پی کوبتایا ہے کہ بھارت میں لگژری اپارٹمنٹز کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس طرح کے منصوبے کامیاب ہوں گے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت : عدنان اسحاق