1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں شادی ہال کی دیوار گرنے سے چوبیس باراتی ہلاک

مقبول ملک (Reuters)
11 مئی 2017

بھارت کی مغربی ریاست راجستھان میں ایک شادی ہال کی دیوار گرنے سے شادی کی ایک تقریب کے کم از کم چوبیس شرکاء ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق اپنی نوعیت کے اس بہت ہلاکت خیز حادثے میں تیس مہمان زخمی بھی ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/2clty
Brass Band in Indien
تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Swarup

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے جمعرات گیارہ مئی کو ملنے والی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق پولیس نے بتایا کہ یہ سانحہ بدھ دس مئی کو رات گئے پیش آیا۔ اس میرج ہال میں سینکڑوں کی تعداد میں شہری وہاں شادی کی ایک تقریب کے مہمانوں کے طور پر جمع تھے۔

پولیس نے بتایا کہ اس حادثے سے قبل ریاست راجستھان کے شہر بھارت پور میں دیر تک شدید بارشیں بھی ہوتی رہی تھیں۔ پھر بدھ کی رات اس میرج ہال کی ایک 12 فٹ یا 3.6 میٹر اونچی اور 32 میٹر یا 80 فٹ لمبی دیوار اچانک اس تقریب کے شرکاء پر اس وقت آ گری جب وہ کھانا کھا رہے تھے۔

یہ بہت اونچی دیوار کنکریٹ کی بنی ہوئی تھی اور امدادی کارکنوں نے بتایا کہ خوشی کی تقریب میں پیش آنے والے اس سانحے کے بعد انہیں وہاں ہلاک ہونے والوں اور زخمیوں کے حوالے سے خوفناک مناظرنظر آئے اور امدادی کارروائیاں رات بھر جاری رہیں۔

مقامی پولیس افسر بھارت لال مینا نے روئٹرز کو بتایا، ’’مرنے والوں میں پانچ بچے بھی شامل ہیں جبکہ 30 کے قریب زخمیوں میں سے 15 کی حالت تشویشناک ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں اس بہت جان لیوا حادثے پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ریاست راجستھان کا ضلع بھارت پور ملکی دارالحکومت نئی دہلی سے جنوب کی طرف قریب 200 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

بھارت میں شادیوں کی تقریبات کا اہتمام بڑے بڑے شادی ہالوں میں کرنے کا رواج پایا جاتا ہے، جن پر بہت زیادہ رقوم خرچ کی جاتی ہیں۔ امراء کے علاوہ متوسط طبقے کے عام خاندانوں کی بھی یہی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے بچوں کی شادیوں کا اہتمام کسی نہ کسی میرج ہال میں کیا جائے، جس کے لیے بہت بڑی تعداد میں مہمانوں کو مدعو کیا جاتا ہے۔