1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں میگی نوڈلز کی تیاری، فروخت پر پابندی

افسر اعوان5 جون 2015

بھارت میں محفوظ خوراک کو یقینی بنانے والے محکمے نے کھانے پینے کی اشیاء تیار کرنے والی معروف ملٹی نیشنل کمپنی نیسلے کی میگی انسٹنٹ نوڈلز پر پابندی لگا دی ہے۔ پابندی کی وجہ ان نوڈلز میں سیسے کی خطرناک مقدار کا ہونا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Fc5O
تصویر: picture alliance/Ann/THE STAR

فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈ اتھارٹی آف انڈیا (FSSAI) کی طرف سے آج جمعہ پانچ جون کو کہا گیا کہ اس نے نیسلے انڈیا کو کہا ہے کہ وہ اپنی تیار کردہ میگی انسٹنٹ نوڈلز فوری طور پر مارکیٹ سے اٹھا لے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی جانب سے نیسلے انڈیا سے کہا گیا ہے کہ وہ ’’میگی انسٹنٹ نوڈلز کی قبل ازیں منظور کردہ تمام نو مختلف اقسام کو مارکیٹ سے واپس منگوائے ۔۔۔ اور اس کی مزید پیداوار روک دے۔‘‘

دوسری طرف نیسلے کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اس نے پہلے سے ہی میگی نوڈلز کو ملکی مارکیٹ سے واپس منگوانے کا کام شروع کر دیا ہے اور اس کی فروخت روک دی ہے۔ نیسلے کا کہنا ہے کہ میگی نوڈلز میں موجود سیسے یا ’لَیڈ‘ کی مقدار بھارت میں منظور کردہ قانونی حد سے نیچے ہی ہے تاہم اس پراڈکٹ کو واپس منگوانے کا مقصد اس حوالے سے پھیلتے ہوئے اسکینڈل کو روکنا ہے۔

آج جمعہ پانچ جون کو نیسلے کے گلوبل چیف ایگزیکٹو پال بُلکے Paul Bulcke کی طرف سے کہا گیا کہ یہ پراڈکٹ ’استعمال کے لیے محفوظ‘ ہے۔ نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا، ’’چونکہ نوڈلز کے محفوظ استعمال کے حوالے سے پریشانی پائی جاتی ہے، اس وجہ سے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اسے مارکیٹ سے ہٹا دیا جائے۔‘‘ بُلکے کا مزید کہنا تھا، ’’ہمارے صارفین کی سیفٹی ہمارے لیے سب سے زیادہ اہم ہے۔ ہم حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ اس کنفیوژن کو دور کیا جا سکے۔‘‘

نیسلے اپنے برانڈ میگی کی انسٹنٹ نوڈلز بھارت میں گزشتہ تین دہائیوں سے فروخت کر رہا ہے
نیسلے اپنے برانڈ میگی کی انسٹنٹ نوڈلز بھارت میں گزشتہ تین دہائیوں سے فروخت کر رہا ہےتصویر: Reuters/D. Balibouse

بھارتی حکام کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ میگی انسٹنٹ نوڈلز کی جانچ سے معلوم ہوا تھا کہ ان میں سیسے کی مقدار محفوظ حد سے زیادہ ہے۔ اس کے بعد دارالحکومت نئی دہلی سمیت کم از کم چھ بھارتی ریاستوں نے نوڈلز کی فروخت پر پابندی عائد کر دی تھی۔

FSSAI کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ سیسے کی ’محفوظ مقدار سے زیادہ‘ موجودگی میگی انسٹنٹ نوڈلز کو ان کے استعمال کے حوالے سے غیر محفوظ اور خطرناک بنا سکتی ہے اور اس سے گُردوں اور اعصابی نظام کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

بھارت کے مشرقی شہر کولکتہ میں صارفین کے حقوق کے لیے کام کرنے والے افراد نے جمعرات چار جون کو بطور احتجاج میگی انسٹنٹ نوڈلز کے پیکٹوں کو نذر آتش کیا تھا، جس سے عوامی سطح پر موجود غم وغصے کا اظہار ہوتا ہے۔ نیسلے اپنے برانڈ میگی کی انسٹنٹ نوڈلز بھارت میں گزشتہ تین دہائیوں سے فروخت کر رہا ہے۔ بھارت میں فروخت ہونے والی کُل انسٹنٹ نوڈلز کا 80 فیصد میگی نوڈلز ہی ہوتی ہیں۔