بھارت میں کامن ویلتھ گیمز کی تیاریاں
2 نومبر 2009بھارت میں اگلے برس کے دولت مشترکہ گیمز Common Wealth Games 2010 کی تیاریاں زوروں سے جاری ہے۔ کھیلوں کے یہ مقابلے بھارت میں سال 1982 کےایشین گیمز کے بعد ہونے والا عالمی سطح کا دوسرا بڑا ایونٹ ہوگا جس کے لئے مرکزی حکومت کی جانب سے میزبان دہلی شہر پر خاص توجہ دی جارہی ہے۔
اتوار کو بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک بہت بڑی سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا تاکہ اگلے سال اکتوبر میں ہونے والے کھیلوں کے اس میلے سے متعلق عوام کی دلچسپی بڑھے۔ اس سائیکل ریلی میں تین سو کے قریب طالب علموں نے حصہ لیا جو راج گھاٹ سے شروع ہوکر اجمیری دروازے، تیس ہزاری اور لال قلعے سے ہوتے ہوے دوبارہ راج گھاٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔
تین تا چودہ اکتوبر تک ہونے والے کھیلوں کے مقابلوں میں دنیا کے اکہتر ممالک سے کھلاڑی سترہ کھیلوں میں ایک دوسرے سے مقابلہ کریں گے۔
commom wealth games یعنی دولت مشترکہ کھیلوں کا سلسلہ انیس سو تیس سے جاری ہے۔ ہر چار سال بعد ہونے والے یہ کھیل، سلطنت برطانیہ کے تسلط میں رہنے والے ممالک کے بیچ کھیلے جاتے تھے۔ کھیلوں کے اس میلے کو پہلے British Empire Games بعد میںBritish Empire and Commom Wealth Gamesاور آخر 1978 میں Commom Wealth Games کا نام دیا گیا۔
اگلے برس نئی دہلی میں منعقد ہونے والے اس ایونٹ کے لئے بھارتی حکومت اب تک ایک اعشاریہ چھ بلین ڈالر خرچ کرچکی ہے جس کے بعد یہ اب تک کے سب سے مہنگے Common Wealth Games ہوں گے۔ اس سے قبل میلبورن میں یہ کھیل منعقد ہوئے تھے، جس پر آسٹریلیئن حکومت نے ایک اعشاریہ ایک بلین ڈالر خرچ کئے تھے۔ بھارتی حکومت پر عوامی حلقوں کی جانب سے اس معاملے سے متعلق کچھ تنقید بھی کی جارہی ہے۔
Games کی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ تمام ممالک اپنے بہترین کھلاڑی ان مقابلوں میں بھیجیں تاکہ کرکٹ کے دیوانوں کے اس دیس میں شائقین کی دلچسپی ان مقابلوں میں قائم رہے۔ انتظامی کمیٹی کے سربراہ سریش کالماڈی کا کہنا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ دنیا کے تیز ترین ایتھلیٹ، جمیکا کے Usain Bolt اس سال ان مقابلوں میں شریک ہوں جنہوں نے آسٹریلیا میں منعقدہ گزشتہ مقابلوں میں حصہ نہیں لیا تھا۔
بھارتی حکومت نے سال دوہزار دس کے مقابلوں کی میزبانی کرنے والی شہر دہلی کی تزئین و آرائش کے متعدد منصوبے شروع کئے ہو ئے ہیں۔ ان میں دہلی میٹرو کے نیٹ ورک کو وسیع کرنے کے علاوہ فضائی ماحول کی بہتری پر خاص توجہ دی جارہی ہے۔
ان مقابلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کے لئے ملکہ برطانیہ کے پیغام والی چھڑی کا سفر لندن سے شروع ہوچکا ہے۔ Common Wealth Gamesکی ابتدائی تقریب تین اکتوبر کو نئی دہلی کے جواہر لال نہرو اسٹیڈئم میں منعقد ہوگی۔
رپورٹ : شادی خان سیف
ادارت : عدنان اسحٰق