1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: ٹرین کی ایک بوگی میں آتش زدگی، نو افراد ہلاک

26 اگست 2023

بھارت کی ریاست تامل ناڈو کے مدورائی میں ایک ٹرین کی بوگی میں آگ لگنے کے واقعے میں کم از کم 9 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔

https://p.dw.com/p/4VbX1
Indien Madurai | Zugabteil nach Brannt zerstört
تصویر: AFP/Getty Images

حکام کے مطابق آج ہفتے کے روز کم از کم نو افراد اس وقت ہلاک ہو گئے جب جنوبی بھارت میں مدورائی کے اسٹیٹشن پر کھڑی ٹرین کی ایک بوگی میں اس وقت آگ لگ گئی جب ایک مسافر چائے بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔

ہفتے کو ٹرین میں آگ لگنے کا یہ واقعہ جنوبی بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر مدورائی کے ریلوے اسٹیشن پر کھڑی ٹرین کی ایک کوچ میں صبح سویرے پیش آیا ۔ آگ جس کوچ میں لگی وہ ٹرین سے جُڑی نہیں تھی بلکہ یہ کوچ ٹرین سے الگ تھی جسے ایک 'پرائیوٹ ٹورسٹ آپریٹر‘ نے بُک کروایا تھا۔ اس بارے میں ضلع مدورائی کی انتظامیہ کے ایک ترجمان سالی تھیلیپاتی نے اے ایف پی کو بتایا، ''یہ بوگی ٹرین سے الگ کھڑی تھی جسے ایک نجی ٹورسٹ اُپریٹر نے بک کرایا تھا۔ اس کوچ میں کسی نے چائے بنانے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں یہ آگ لگی۔‘‘ سالی تھیلیپاتی کا مزید کہنا تھا، ''نو افراد کی موت ہو چکی ہے، ان میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔ نو دیگر افراد زخمی ہیں لیکن ان کی چوٹیں جان لیوا نہیں ہیں۔‘‘ بتایا گیا ہے کہ مرنے والوں میں سے کسی ایک کی بھی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

مدورائی اسٹیٹشن
مدورائی کے اسٹیٹشن پر آگ لگنے والی ٹرین باگی تصویر: AFP/Getty Images

مقامی میڈیا کے مطابق جس نجی کوچ میں آگ لگی اُسے لکھنو سے رامیشورم جانے والی ٹرین میں شامل کیا گیا تھا۔ اس کوچ میں سوار مسافر، عملے کو خبر ہوئے بغیر خفیہ طور پر گیس سلنڈر ساتھ لے گئے۔ مدورائی اسٹیشن پر ٹرین رُکی تو انہوں نے چائے بنانے کے لیے چولھا جلانے کی کوشش کی، سلنڈر پھٹ گیا اور اس سے آگ بھڑک اُٹھی۔ واضح رہے کہ ٹرین میں گیس سلنڈر لے جانے پر پابندی عائد ہے۔

 

بھارت: تین ٹرینوں کا تصادم، ڈھائی سو سے زائد افراد ہلاک

 

حکام کے مطابق آتش زدگی کا واقعہ رونما ہوتے ہی چند مسافر فوری طور پرٹرین  کوچ سے کود کر باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے تاہم نو افراد جل کر ہلاک ہوگئے۔ منظر عام پر آنے والی فوٹیج میں ریل گاڑی کی کھڑکیوں سے بڑی بڑی آگ کے شعلے نکلتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

Indien Zugunglück Brand Nanded-Bangalore Express Ananthpur
بھارت میں ٹرین میں آگ لگنے کا واقعہ اکثر و بیشتر پیش آتا ہےتصویر: STRDEL/AFP/Getty Images

بھارت  کے  ریلوے نیٹ ورک کا شمار دنیا کے سب سے بڑے ریل نیٹ ورکس میں ہوتا ہے، تاہم گزشتہ کئی سالوں میں بھارت میں متعدد بڑے اور بھیانک ریلوے حادثات رونماں ہوئے ہیں اور اسے کئی آفات  کا سامنا کرنا پڑا ہے۔  سب سے زیادہ بڑی اور خوفناک تباہی 1981ء میں اُس وقت دیکھنے میں آئی تھی جب ریاست بہار میں ایک پل کو عبور کرتے ہوئے ایک ٹرین پٹری سے اتر گئی اور نیچے دریا میں جا گری تھی جس کے نتیجے میں 800 افراد لقمہ اجل بنے تھے۔

رواں برس جون میں اوڈیشہ ریاست میں تین ٹرینوں کے تصادم میں تقریباً 300 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ بھارتی حکام نے اس حادثے کو ملک کا  20 سال سے زیادہ کے عرصے میں پیش آنے والا سب سے مہلک ریل حادثہ قرار دیا تھا۔

ک م/ا ب ا (اے ایف پی، اے پی)