1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی ریئلٹی شو 'بگ باس': کامیڈین منور فاروقی نئے فاتح

29 جنوری 2024

بھارتی کامیڈین منور فاروقی کا خاندان بھی گجرات فسادات میں بری طرح متاثرہ ہوا تھا، جس کے بعد وہ ہجرت کر کے ممبئی آ گئے تھے۔ سخت گیر ہندو تنظیمیں ان کے شوز کا بائیکاٹ اور ان کے خلاف ملک گیر مہم چلاتی رہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/4bmiR
منور فاروقی
 کامیڈین اور لکھاری منور فاروقی پہلی بار سن 2021 میں اس وقت سرخیوں میں آئے، جب مدھیا پردیش کی بی جے پی حکومت نے انہیں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا تھا، جہاں وہ ایک ماہ سے زیادہ وقت تک قید میں رہےتصویر: Munawar Faruqui/YouTube

بھارت کے معروف ریئلٹی شو بگ باس کے سیزن 17 کے فاتح منور فاروقی نے فائنل میں اداکار ابھیشیک کمار کو شکست دے کر ٹرافی حاصل کر لی۔ اس کا اعلان اتوار کی دیر رات کو کیا گیا۔

شو کے میزبان معروف اداکار سلمان خان نے انہیں بگ باس کی ٹرافی پیش کی اور بطور انعام ایک قیمتی کار اور پچاس لاکھ روپے بھی دئیے گئے۔ 

شو میں صلاحیت کے ساتھ ہی جیت ہار کا فیصلہ شائقین کے ووٹ کی بنیاد پر بھی کیا جاتا ہے اور اس لحاظ سے دوسرے امیدواروں کے مقابلے میں فاروقی کو سبقت حاصل تھی اور بہت سے لوگوں نے سوشل میڈیا پر ان کی جیت کی پیش گوئی بھی کی تھی۔

منور فاروقی بھارت کے سخت گیر ہندو وں کے نشانے پر

 کامیڈین اور لکھاری منور فاروقی پہلی بار سن 2021 میں اس وقت سرخیوں میں آئے، جب ان کے ایک اسٹینڈ اپ شو کے دوران انتہا پسند ہندوؤں نے مبینہ طور پر ہندو دیوی دیوتاؤں کی توہین کرنے اور مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزام ان کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

یہ واقعہ ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور کا ہے، جہاں کی بی جے پی حکومت نے انہیں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا تھا، جہاں وہ ایک ماہ سے زیادہ وقت تک قید میں رہے۔

بعد میں بھارتی سپریم کورٹ کے حکم پر انہیں رہا کر دیا گیا، تاہم سخت گیر ہندوؤں کی جانب سے ان کے خلاف مہم جاری رہی اور دہلی سمیت تقریبا ًتمام بڑے شہروں میں ہونے والے ان کے سبھی پروگراموں کو اس لیے منسوخ کر دیا جاتا تھا، کیونکہ حکومتیں اور حکام اس کی اجازت نہیں دیتے تھے۔

 مذہبی جذبات کو بھڑکانے کا الزام میں منور کے خلاف ریاست اتر پردیش کی بی جے پی حکومت نے بھی مقدمہ درج کیا تھا اور وہاں بھی انہیں شو کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ 

Screenshot I Instagram I  Munawar Faruqui
منور فاروقی سن 1992 میں بھارتی ریاست گجرات کے جوناگڑھ میں پیدا ہوئے تھے، وہ متعدد بار یہ بات بتا چکے ہیں کہ ان کا مکان ان سینکڑوں مکانات میں شامل تھا، جسے سن 2002 کے مسلم کش گجرات فسادات کے دوران تباہ کر دیا گیا تھاتصویر: munawar.faruqui/Instagram

بھارتی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے منّور فاروقی اپنے شوز میں بالخصوص حکومت اور سیاسی رہنماؤں پر طنز کرتے ہیں۔

لیکن انتہا پسند ہندو تنظیمیں منّور فاروقی کے شو منسوخ کیے جانے پر خوشی کا اظہار کرتی رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کامیڈی کے نام پر منّور فاروقی ہندو دیوی دیوتاؤں کا مذاق اڑاتے ہیں اور اس کے خلاف ہندو متحد ہو گئے۔ ہندو تنظیمیں کہتی رہی ہیں کہ منّور کے شوز کا منسوخ ہونا ہندوؤں کے اتحاد کی طاقت کا مظہر ہے۔

منور فاروقی کا مشکل سفر

بگ باس جیتنے سے قبل منور مئی سن 2022 میں بھی ایک ریئلٹی شو 'لاک اپ' جیت چکے ہیں۔ اس شو کی میزبان معروف اداکارہ کنگنا رناوت تھیں۔

لاک اپ شو کے دوران بھی منور فاروقی مسلسل سرخیوں میں رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے اپنی ماں کی کہانی سنا کر اور بچپن میں اپنے جنسی استحصال کی جو باتیں بتائی تھیں، اس سے ان کی کافی تعریف ہوئی تھی۔

منور فاروقی سن 1992 میں بھارتی ریاست گجرات کے جوناگڑھ میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ متعدد بار یہ بات بتا چکے ہیں کہ ان کا مکان ان سینکڑوں مکانات میں شامل تھا، جسے سن 2002 کے مسلم کش گجرات فسادات کے دوران تباہ کر دیا گیا تھا۔

گجرات فسادات کے بعد ہی منور اپنے خاندان کے ساتھ ممبئی منتقل ہوئے اور شہر کے ڈونگری علاقے میں رہنے لگے۔ یہاں منتقلی کے چند برس بعد ہی ان کی ماں کا انتقال ہو گیا۔

منور فاروقی کا کہنا ہے کہ بچپن میں جب ممبئی وہ نئے نئے تھے، تو گزارے کے لیے برتن فروخت کیا کرتے تھے اور خالی وقت میں گرافک فنکار کے طور پر بھی کام کرتے تھے۔