1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں چھ مشتبہ دہشت گرد ہلاک

2 اپریل 2010

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی سب ایک ریلوے لائن کو دھماکے سے اڑا دینے والے چھ مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/MmCS
تصویر: UNI

ان افراد کو راجوڑی کے علاقے میں ایک پولیس مقابلے کے دوران اس وقت ہلاک کیا گیا جب سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر وہاں ایک سرچ آپریشن شروع کر رکھا تھا۔بھارتی ذرائع کے بقول قبل ازیں اسی ہفتے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ساتھ کنٹرول لائن کے قریب ملکی سیکیورٹی دستوں کی شدت پسندوں کے ساتھ ایک بڑی جھڑپ میں بھی تین بھارتی فوجی اور پانچ عسکریت پسند ہلاک ہو گئے تھے۔

سینیئر پولیس افسر فاروق احمد کے مطابق علٰیحدگی پسندوں نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات بارہ مولا اور قاضی گنڈ نامی قصبے کے درمیان ریلوے لائن کو کپواڑہ کے مقام پر دھماکے سے اڑا دیا تھا، جس کے بعد اس ٹریک پر ریلوے ٹریفک کچھ دیر کے لئے معطل ہو گئی تھی۔ تاہم یہ ٹریفک تھوڑی ہی دیر بعد بحال ہو گئی تھی۔

اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ یہ دھماکہ اس وقت کیا گیا جب ریلوے کے سینیئراہلکار اس لائن کا معائنہ کرنے جا رہے تھے۔ اس علاقے میں ریلوے ٹریک میں توسیع کے جزوی طور پر ابھی تک زیر عمل منصوبے کا مقصد بھارت کے زیر انتظام کشمیر کو ملک کے باقی حصوں سے بذریعہ ریل ملانا ہے۔

مقامی ریلوے پولیس کے ایک اعلیٰ اہلکار غلام محمد بٹ کا کہنا ہے کہ جب یہ ریلوے پروجیکٹ شروع ہوا تھا تو بھی عسکریت پسندوں نے ایک انجینئر اور اس کے بھائی کو قتل کر دیا تھا۔ تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ انتہا پسندوں نے علاقے میں ریلوے لائن کو نشانہ بنایا ہے۔ اس ریلوے لائن کا افتتاح بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے اکتوبر 2008ء میں کیا تھا۔

بھارت کے زیر انتظام جموں کشمیر میں تشدد کی تازہ لہر اس وقت شروع ہو ئی جب بھارتی فوج نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے 400 کے قریب شدت پسند مبینہ طور پر پہاڑی راستوں سے بھارتی حدود میں داخل ہو گئے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 1989ء سے اب تک وہاں مسلح کارروائیوں میں 47 ہزار سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔

رپورٹ: بخت زمان

ادارت: مقبول ملک