بھارت: ہمالیائی خطے میں مون سون کی تباہی جاری، 33 ہلاکتیں
14 اگست 2023
گزشتہ ویک اینڈ پر اس کوہستانی علاقے میں موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں ریاست ہماچل پردیش کی سڑکیں اورمکانات زیرآب آگئے۔ پیر کو حکام نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ درجنوں ہلاکتوں کے علاوہ بہت سے رہائشی ہنوز پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کی کوششوں کے کام کوسیلاب کے پانی نے دشوار بنایا ہوا ہے۔ ہماچل پردیش کی سڑکیں بہہ گئی ہیں۔ حکام کی طرف سے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو فراہم کی گئی اطلاعات کے مطابق کئی ریسکیورز ملبے کے ڈھیروں تلے پھنسے لوگوں کی مدد کے لیے کام کر رہے ہیں۔
اتوار کی رات ریاست کے سولان ضلع میں بادل کی گرج اور بجلی چمکنے سے علاقے میں نو افراد ہلاک ہوگئے اور دو مٹی کے تودے گرنے کے واقعات میں مزید 12 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ ریاست کے دارالحکومت شملہ میں حکام نے انڈیا نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو یہ معلومات فراہم کیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں کم از کم ایک درجن افراد ہلاک ہو گئے۔ ریاست کے کچھ حصے، تیز سیلاب اور مزید لینڈ سلائیڈنگ کا شکار ہو رہے ہیں۔ ریاست کے وزیر اعلٰی سکھویندر سنگھ سکھو نے بتایا کہ ریسکیو ورکر ملبہ ہٹانے اور اب بھی پھنسے ہوئے لوگوں کی مدد کے لیے کام کر رہے ہیں۔
بادل گرجنے اور بجلی گرنے کے واقعات اُس وقت رونما ہوتے ہیں جب ایک گھنٹے کے اندر بارش 10 مربع کلومیٹر کے رقبے پر 10 سینٹی میٹرسے زیادہ ہو۔
ہمالیائی علاقوں میں اس شدت کی بارش کا ہونا ایک عام بات ہے جہاں شدید سیلاب کا امکان رہتا ہے اورلینڈ سلائیڈنگ سے ہزاروں افراد متاثر ہوتے ہیں۔ سولان میں مکانات بہہ گئے اور سڑکیں متواتر زیر آب ہیں۔
دریں اثناء پولیس نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ شملہ میں مٹی کے تودے گرنے سے ایک ہندو مندر جو کہ عقیدت مندوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا، کے دھنس جانے کے خطرات بہت زیادہ ہیں یہاں پر امدادی کام جاری ہے۔ مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کے قوی امکانات ہیں۔
اسی صورتحال میں ریاست ہماچل پردیش کے تمام اسکول اور کالج بند کر دیے گئے ہیں۔
بھارت کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ درمیانی شدت سے لے کر شدید بارشوں کا مزید امکان ہے۔ پیر کو ریاست کے مختلف حصوں کو سیلاب ریلوں نے نشانہ بنایا ۔ ہماچل پردیش کی ہمسائیہ ریاستوں میں آئندہ ویک اینڈ کے لیے شدید بارشوں کے ضمن میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی نے اطلاع کے مطابق دریں اثناء ریاست اتراکھنڈ میں حالیہ مون سون بارشوں میں 60 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
گزشتہ ماہ بھارت میں مون سون کی ریکارڈ بارشوں سے 100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ہماچل پردیش سمیت شمالی بھارت کے کچھ حصوں گزشتہ میں دو ہفتوں سے مونسون بارشوں، سیلاب اورلینڈ سلائیڈنگ سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔
ک م/ ع ت(ایسو سی ایٹیڈ پریس)