بھارتی انٹرسیپٹر میزائل کا ایک اور کامیاب تجربہ
6 مارچ 2011نئی دہلی میں ملکی وزارت دفاع کے ایک اعلیٰ اہلکار نے بتایا کہ اس انٹرسیپٹر (Interceptor) میزائل نے بھارت کی مشرقی ریاست اڑیسہ کے ایک ساحلی علاقے سے ایک دوسرے تجربے کے دوران فائر کیے گئے ایک ایسے بیلیسٹک میزائل کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جو درمیانے فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا۔
جرمن خبر ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق نئی دہلی میں ملکی وزارت دفاع کے ترجمان سیتانشوکار نے بتایا کہ بھارت کی طرف سے اس نئے انٹرسیپٹر میزائل کی تیاری نئی دہلی کے اس دفاعی پروگرام کا حصہ ہے، جس کے تحت بھارت کئی مراحل پر مشتمل اپنے لیے ایک بیلیسٹک میزائل ڈیفنس شیلڈ تیار کرنا چاہتا ہے۔
آج اتور کے روز نئی دہلی حکام نے جس Interceptor میزائل کے ایک اور کامیاب تجربے کی تصدیق کی، وہ سن 2006ء سے اس میزائل کا اپنی نوعیت کا مجموعی طور پر چوتھا تجربہ تھا۔
ان تجربات میں سے گزشتہ سال مارچ میں کیا جانے والا ایک ٹیسٹ ناکام بھی ہو گیا تھا۔ تب ایسا ہی ایک انٹرسیپٹر میزائل اپنے ہدف کو نشانہ بنانے میں ناکام رہا تھا۔
بھارتی دفاعی ماہرین نے اس کی وجہ یہ بتائی تھی کہ ٹھیک ایک سال قبل 2010ء میں ناکام رہنے والے اس تجربے کے دوران انٹرسیپٹر میزائل کے ریڈار نے توقعات کے مطابق کام نہیں کیا تھا اور یوں وہ اپنے ہدف کو فضا میں ہی نشانہ نہیں بنا سکا تھا۔
رپورٹ: عصمت جبیں
ادارت: مقبول ملک