1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی ایٹمی پلانٹ کے قریب دھماکا، چھ ہلاکتیں

مقبول ملک27 نومبر 2013

بھارتی ریاست تامل ناڈو میں ملک کے سب سے بڑے ایٹمی پلانٹ کے قریب ہونے والے دیسی ساخت کے بم کے ایک دھماکے میں چھ افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ بات پولیس نےآج بدھ کو بتائی۔ دھماکے کے باعث ایٹمی پلانٹ کسی بھی وقت خطرے میں نہیں تھا۔

https://p.dw.com/p/1APIW
کُدن کُلم کا ایٹمی بجلی گھرتصویر: AP

نئی دہلی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق حکام نے اس بارے میں چھان بین شروع کر دی ہے کہ آیا اس دھماکے کا جوہری توانائی کے اس پلانٹ کے خلاف کیے جانے والے مظاہروں سے کوئی تعلق ہے۔ خبر ایجنسی اے ایف پی نے اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ جنوبی ریاست تامل ناڈو میں کُدن کُلم کے نیو کلیئر پاور پلانٹ کے قریب یہ دھماکا منگل اور بدھ کی درمیانی رات ایک گاؤں میں ہوا، جس کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک ہو گئے۔

ضلعی پولیس کے سربراہ وجیندرا بِیداری نے بتایا کہ بظاہر دیسی ساخت کے ایک بم کا حادثاتی طور پر ہونے والا یہ دھماکا ایک گھر میں ہوا، جس میں چھ افراد ہلاک اور تین دیگر شدید زخمی ہو گئے جبکہ تین گھر بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ بِیداری کے بقول اس گاؤں میں ایٹمی توانائی کے خلاف مظاہرے کرنے والے چند سرگرم کارکن بھی رہ رہے تھے اور جس گھر میں دھماکا ہوا، وہ مبینہ طور پر بم بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ تامل ناڈو کے ساحلی علاقے میں یہ گاؤں اس ایٹمی پلانٹ سے قریب چار کلو میٹر دور ہے، جو بھارت کا سب سے بڑا جوہری بجلی گھر ہے، اور جو روس کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔

Kudankulam Kernkraftwerk Protest
کُدن کُلم نیو کلیئر پلانٹ کے خلاف مظاہرے طویل عرصے تک جاری رہے، فائل فوٹوتصویر: picture-alliance/dpa

اس بھارتی نیو کلیئر پاور پلانٹ کا افتتاح اسی سال اکتوبر میں ہوا تھا اور اس بجلی گھر کو فعال بنانے میں اس لیے مسلسل تاخیر ہوتی رہی تھی کہ وہاں مظاہرین کی طرف سے بار بار پرتشدد مظاہرے بھی کیے جاتے رہے تھے، جن کا سبب ممکنہ تابکاری کے اخراج کے خدشات بنے تھے۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق ایٹمی توانائی کے بھارتی محکمے کے ایک اعلیٰ اہلکار نے بتایا کہ قریبی گاؤں میں اس دھماکے سے پہلے اور بعد میں بھی یہ نیو کلیئر پلانٹ مکمل طور پر محفوظ تھا، جو معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔

بھارتی ٹیلی وژن اداروں کی رپورٹوں کے مطابق یہ دھماکا جس گاؤں میں ہوا، وہیں سے گزشتہ برسوں کے دوران اس ایٹمی پلانٹ کے خلاف شدید ترین احتجاجی مظاہرے شروع کیے جاتے رہے تھے۔

مقامی میڈیا کے مطابق ایٹمی توانائی کے خلاف عوامی تحریک یا PMANE نامی تنظیم کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اس کے کارکنوں یا حامیوں کا اس بم دھماکے سے کوئی تعلق نہیں۔ تامل ناڈو میں اس جوہری بجلی گھر کے خلاف مظاہروں کا اہتمام کرنے میں یہی عوامی تحریک سب سے آگے رہی تھی۔