جموں کشمیر میں دو مشتبہ جنگجو ہلاک، بھارتی فوج
2 نومبر 2024بھارتی فوج کے مطابق یہ جھڑپ ضلع اننت ناگ میں فوج کی ایک سرچ ٹیم پر فائرنگ سے شروع ہوئی، جس پر فوج نے جوابی کارروائی کی۔ ہفتے کے روز بھارتی فوج کی جانب سے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مشتبہ سرگرمیوں کی اطلاعات پر اننت ناگ کے علاقے ہلکان گلی میں چیکنگ کا عمل شروع کیا گیا تھا، تاہم اس دوران فوجی اہلکاروں پر فائرنگ شروع ہو گئی جبکہ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دو عسکریت پسند ہلاک ہو گئے۔
یہ بات اہم ہے کہ بھارتی انتظام والے کشمیر میں علیحدگی کی مسلح تحریک ایک طویل عرصے سے جاری ہے، تاہم دو ہزار انیس میں بھارت کی مرکزی حکومت کی جانب سے کشمیر کا خصوصی تشخص ختم کرنے اور وہاں بڑے کریک ڈاؤن کے بعد عسکریت پسندوں کی کارروائیوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔
واضح رہے کہ سن 1989 میں کشمیر میں علیحدگی پسندی کی مسلح تحریک کے آغاز کے بعد سے وہاں کم از کم پانچ لاکھ بھارتی فوجی تعینات نہیں۔
گزشتہ ہفتے عسکریت پسندوں کی جانب سے ایک فوجی گاڑی کو گھات لگا کر نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں تین فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔ بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ سن 2019 میں کشمیر کی خودمختاری کے خاتمے کے بعد سے اب تک سات سو بیس جنگجوؤں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔ بھارتی حکومت پاکستان پر الزام عائد کرتی ہے کہ وہ کشمیر میں جنگجوؤں کو ہتھیار مہیا کرنے میں ملوث ہے، تاہم پاکستانی حکومت ان الزامات کو مسترد کرتی ہے۔
ع ت، ش ر (اے ایف پی)