1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی فلمساز، انڈر ورلڈ کے سحر میں گرفتار

ارسلان خالد19 جولائی 2013

بالی وڈ کی حالیہ فلموں میں سے بیشتر انڈر ورلڈ پر بنائی گئی ہیں جس سے ہدایت کاروں کے انڈر ورلڈ کے سحر میں گرفتار ہونے کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔اس کی بڑی وجہ بالی وڈ اور انڈر ورلڈ کے رابطوں کی ایک تاریخ ہے

https://p.dw.com/p/19Ats
تصویر: Eros International

ہدایت کار نکھل ایڈوانی کی تازہ ریلیز ہونے والی فلم D-day بھی ممبئی کے ایک گینگسٹر پر بننے والی فلم ہے۔ فلم کی کہانی ایک بھارتی خفیہ ایجنٹ اور بھارت کو انتہائی مطلوب ایک شخص کے گرد گھومتی ہے۔ اقبال نامی یہ شخص پاکستان میں موجود ہے۔ انتہائی مطلوب شخص کا کردار بالی وڈ کے معروف اداکار ’رشی کپور‘ نے ادا کیا ہے۔ اس فلم میں 1993ء میں ہونے والے ممبئی دھماکے دکھائے گئے ہیں جن کا ما سٹر مائنڈ پاکستان میں موجود ہے اور بھارتی خفیہ ایجنٹ اسے پکڑنے کی کوشش میں مصروف ہے۔

انتہائی مطلوب بھارتی انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم۔
انتہائی مطلوب بھارتی انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم۔تصویر: AP

جب فلم کے ہدایت کار سے رشی کپور کے کردار کی بھارت کو مطلوب انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم سے مشابہت کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا، ’’عقلمند کے لیے اشارہ ہی کافی ہوتا ہے‘‘۔ فلمساز عموماﹰ اپنی فلم کے کسی بھی کردار کو حقیقی انسانوں سے جوڑنے میں ہچکچاتے ہیں جس کا مقصد کسی قانونی یا ذاتی ردعمل سے بچنا ہوتا ہے۔

ایک اور بھارتی فلم "Once upon a time in Mumbai again" بھی ایک گینگسٹر کی محبت کی کہانی ہے جسے فلم میں ’’شعیب خان‘‘ کا نام دیا گیا ہے لیکن خیال ہے کہ یہ فلم بھی داؤد ابراہیم پر ہی بنائی جا رہی ہے۔

اسی طرح رواں سال مئی میں ریلیز ہونے والی ایک اور فلم "Shoot out at wadala" بھی ایک گینگسٹر ’منیا سوروے‘ کی زندگی پر بنائی گئی ہے جو 1982ء میں ممبئی پولیس کے ہاتھوں مارا گیا تھا۔ اس فلم میں مرکزی کردار کا نام منیا سوروےہی رہنے دیا گیا ہے جب کے باقی کرداروں کے نام تبدیل کر دیے گئے ہیں۔

"Shoot out at wadala" ایک بھارتی کرائم رپورٹر ’’ایس حسین زیدی‘‘ کی لکھی گئی کتاب

"Dongri to dubai: six decades of the Mumbai mafia" سے لی گئی ہے۔ اس کتاب میں انہوں نے بالی وڈ اور انڈر ورلڈ کے تعلقات کے بارے میں لکھا ہے۔ فلمی صنعت اور انڈر ورلڈ کے تعلقات 80 اور 90 کی دہائی میں مضبوط ہوئے جب انڈر ورلڈ نے فلموں میں سرمایہ لگانا شروع کیا۔ یہ بات اس وقت منظر عام پر آئی جب 1990ء میں داؤد ابراہیم کی دبئی روانگی کے بعد اس کی بالی وڈ کے نامور ستاروں کے ساتھ بہت سی تصاویر سامنے آئیں۔

بھارتی ہیرو سنجے دت جو انڈر ورلڈ سے تعلقات اور غیر قانونی اسلحے رکھنے کے جرم میں جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں۔
بھارتی ہیرو سنجے دت جو انڈر ورلڈ سے تعلقات اور غیر قانونی اسلحے رکھنے کے جرم میں جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں۔تصویر: picture alliance/AP Photo

"ایس حسین زیدی" کی کتاب کے مطابق انڈر ورلڈ کے لوگ اپنے غیرقانونی پیسے کو قانونی بنانے کے لیے بھی بالی وڈ میں سرمایہ کاری کرتے رہے۔ اسکے ساتھ ساتھ ڈان، ہیروئن تک رسائی کے لیے بھی ان کی فلموں میں پیسہ لگاتے رہے اور انڈر ورلڈ کے ساتھ روابط ہونا بالی وڈ میں قابل فخر سمجھا جانے لگا۔

سن 2000ء میں بھارتی حکومت نے فلمسازی کو ایک صنعت کا درجہ دیا اور فلمسازوں کو اپنی فلموں میں سرمایہ لگانے کے لیے بینکوں سے قرضہ ملنا شروع ہو گیا۔ جس کے ساتھ ہی بھارتی فلمی صنعت بڑھنا شروع ہوئی اور انڈر ورلڈ کا بالی وڈ پر اثر رسوخ ختم ہوتا چلا گیا۔

فلمی ستاروں اور انڈر ورلڈ کے روابط کی یاد حال ہی میں ایک مرتبہ پھر تازہ ہوئی جب معروف فلمی ہیرو ’’سنجے دت‘‘ کو انڈر ورلڈ سے تعلقات اور 1993ء کے حملوں میں استمعال ہونے والا اسلحہ رکھنے کے جرم میں دوبارہ جیل جانا پڑا۔

وقت کے ساتھ بالی وڈ اور انڈر ورلڈ کے روابط تو قریباﹰ ختم ہو گئے لیکن فلمسازوں کی انڈر ورلڈ کے لیے محبت آج بھی جاری ہے جسے بڑی اسکرین پر دیکھا جا سکتا ہے۔