بھارتی وزارت سیاحت کو بالی وُڈ کی مدد کی ضرورت
3 جولائی 2011بھارتی خبر ایجنسی پی ٹی آئی نے نئی دہلی سے اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ بالی وُڈ کی Three Idiots نامی فلم کے ریلیز ہونے کے بعد لیہہ (Leh) نامی شہر میں سیاحتی شعبے میں غیر معمولی کامیابی دیکھنے میں آئی۔ اس کامیابی کی مثال لیتے ہوئے نئی دہلی میں وزارت سیاحت نے اب پروگرام بنایا ہے کہ اسے ملکی فلمی صنعت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔
اس سلسلے میں بھارت میں فلمی صنعت کا نگران قومی ادارہ، نیشنل فلم ڈویلپمنٹ کارپوریشن NFDC اب بالی وُڈ کے ساتھ اشتراک سے ایسی فلمیں بنانا چاہتا ہے، جن کے ذریعے ملک میں مختلف سیاحتی مقامات کی تشہیر کی جا سکے۔ نئی دہلی میں بھارتی وزارت سیاحت کے ایک اعلیٰ اہلکار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ یہ وزارت ملک میں بہت سے سیاحتی مقامات کی نشاندہی کرنا چاہتی ہے۔ ایسے سیاحتی مقامات کو فلموں کے ذریعے رواج دینے سے متعلق فیصلوں کے لیے بالی وُڈ کے کئی نامور ہدایت کاروں کو ایک ملاقات کی باقاعدہ دعوت بھی دے دی گئی ہے۔
وزارت سیاحت کے اس اعلیٰ اہلکار نے بتایا کہ بھارتی فلم تھری ایڈیٹس کی شوٹنگ بھارت کے زیر انتظام ریاست جموں کشمیر میں کی گئی تھی۔ اس بہت کامیاب فلم کے باعث وہاں لداخ میں لیہہ کے شہر میں حیران کن کاروباری تبدیلیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ Leh میں ابھی تک تمام ہوٹل پوری طرح بھرے ہوئے ہیں اور اگلے چھ ماہ تک وہاں ایک بھی کمرہ خالی نہیں ہے۔
اسی طرح بھارتی وزارت سیاحت یہ دعویٰ بھی کرتی ہے کہ فلمساز یش چوپڑہ نے اپنی بہت سی کامیاب فلموں کی شوٹنگ یورپی ملک سوئٹزرلینڈ میں کی۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ اب یش چوپڑہ کی وجہ سے سوئٹزر لینڈ بھارتی سیاحوں کی پسندیدہ غیر ملکی منزل بن چکا ہے۔
اس اہلکار نے کہا کہ وزارت سیاحت بالی وُڈ کے ساتھ اشتراک عمل سے متعلق ایک طریقہ کار وضع کرنے کی کوشش میں ہے۔ اس وزارت کے مطابق اس سلسلے میں نیشنل فلم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے ساتھ مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ اس اہلکار کے بقول یہ وزارت سیاحتی مقامات کی تشہیر کی خاطر خود اپنی طرف سے فلمسازی کے لیے فنڈ مختص کرنے پر بھی غور کر رہی ہے۔
بھارت کی منسٹری آف ٹورازم فلمی صنعت کی وجہ سے پیدا ہونے والے کاروباری کامیابی کے امکانات سے متعلق اتنی سنجیدہ ہے کہ اس نے ابھی کچھ عرصہ قبل فرانس کے مشہور زمانہ کن فلمی میلے میں بھی شرکت کی تھی۔
بھارتی ٹورازم انڈسٹری اس وقت بڑی تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ سن دو ہزار پانچ میں وہاں جانے والے غیر ملکی سیاحوں کی تعداد قریب چار ملین تھی، جو سن دو ہزار دس میں قریب چھ ملین ہو چکی تھی۔ اسی پانچ سالہ عرصے میں اندرون ملک سیاحت کرنے والے شہریوں کی تعداد بھی 392 ملین سے بڑھ کر 650 ملین ہو چکی ہے۔
رپورٹ: عصمت جبیں
ادارت: شامل شمس