1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی وزیراعظم ستمبر میں امریکا کا دورہ کریں گے

عابد حسین5 جون 2014

گزشتہ ماہ منصب وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما نریندر مودی رواں برس ستمبر میں امریکی دورے پر روانہ ہوں گے۔ اپنے اس دورے میں وہ صدراوباما سے بھی ملاقات کریں گے۔

https://p.dw.com/p/1CCwm
نریندر مودیتصویر: Reuters/Press Information Bureau of India

بھارت کے دو معتبر اخبارات ٹائمز آف انڈیا اور ہندوستان ٹائمز کے مطابق نئے وزیراعظم نریندر مودی رواں برس ستمبر میں امریکی دورے پر روانہ ہوں گے۔ اخبارات کے مطابق مودی نے امریکی صدر کی دوطرفہ بات چیت کی دعوت کو قبول کر لیا ہے۔ مبصرین کے مطابق مودی اوباما ملاقات کے بعد پہلے سے واشنگٹن اور نئی دہلی کے خوشگوار تعلقات کو نئی قوت اور توانائی حاصل ہوگی۔ بھارت اور امریکا کے درمیان دو طرفہ تجارت کے حجم کو پانچ سو ارب ڈالر تک لانا بھی مقصود ہے۔

نریندر مودی گزشتہ ماہ پارلیمانی انتخابات میں ہندو قوم پرست سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے پلیٹ فارم سے بھارت کی قومی سیاست پر ابھرے ہیں۔ اس سے قبل وہ ریاست گجرات کے وزیراعلیٰ تھے۔ مئی میں مکمل ہونے والے انتخابات میں مودی کی سیاسی جماعت نے سابقہ حکمران کانگریس پارٹی کو غیر معمولی شکست سے دوچار کیا تھا۔ ان کی کامیاب انتخابی مہم کی بدولت بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت سازی کی نہ صرف مطلوبہ نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی بلکہ اُن کا انتخابی اتحاد این ڈی اے دو تہائی اکثریت بھی حاصل کر گیا۔

Obama Rede in Warschau 04.06.2014
خیال کیا گیا ہے کہ مودی اوباما ملاقات نیویارک میں ہو سکتی ہے۔تصویر: Reuters

بھارتی اخبارات کے بیانات پر امریکا اور بھارت کی وزارتِ خارجہ نے کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ مودی کے ایک وزیر جتندر سنگھ کا کہنا ہے کہ سردست یہ اخباری بیانات اندازوں پر مبنی ہیں اور اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا لہذا تصدیق بیان جاری ہونے تک انتظار کرنا مناسب ہے۔ یہ بھی اہم ہے کہ ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے عالمی لیڈر خطاب کرنے امریکا پہنچتے ہیں اور قوی امکانات ہیں کہ مودی بھی نیویارک جائیں۔ یہ امر اہم ہے کہ ماضی میں امریکا نے نریندر مودی کو ویزا دینے سے انکار کر دیا تھا۔

دوسری جانب امریکا کی نائب وزیر خارجہ نِشا بِسوال بھی کل جمعہ یعنی چھ جون کو نئی دہلی پہنچ رہی ہیں۔ وہ بھارتی دارالحکومت میں قیام کے دوران وزیر خارجہ سُشما سوراج سے ملاقات کریں گی۔ نئی بھارتی حکومت کے ساتھ کسی امریکی سفارتکار کی یہ پہلی میٹنگ ہو گی۔ غالب امکان ہے کہ اسی ملاقات میں بھارتی وزیراعظم کے دورے کی تفصیلات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ایسے اندازے لگائے گئے ہیں کہ امریکی نائب وزیر خارجہ کے دورے کے اختتام پر نریندر مودی کے امریکی دورے کی حتمی تصدیق کر دی جائے گی۔ خیال کیا گیا ہے کہ مودی اوباما ملاقات نیویارک میں ہو سکتی ہے۔