1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی ٹینک دریا میں غرقاب، 5 فوجی اہلکار ہلاک

29 جون 2024

بھارتی فوج کے کمانڈ سینٹر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حادثہ ایک فوجی مشق کے دوران دریائے شیوک میں پانی کی سطح میں اچانک اضافے کے باعث پیش آیا۔

https://p.dw.com/p/4hf7a
ہفتے کی صبح ایک بھارتی عسکری ٹینک چین کی سرحد کے قریب لداخ میں دریا پار کرتے ہوئے غرقاب ہو گیا
ہفتے کی صبح ایک بھارتی عسکری ٹینک چین کی سرحد کے قریب لداخ میں دریا پار کرتے ہوئے غرقاب ہو گیاتصویر: picture-alliance/dpa/Sputnik/M. Voskresenskiy

ہفتے کی صبح ایک بھارتی عسکری ٹینک چین کی سرحد کے قریب لداخ میں دریا پار کرتے ہوئے غرقاب ہو گیا اور اس میں موجود پانچ فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے۔

اس حوالے سے بھارتی فوج کے کمانڈ سینٹر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حادثہ ایک فوجی ٹریننگ کے دوران دریائے شیوک میں پانی کی سطح میں اچانک اضافے کے باعث پیش آیا۔ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ ساسر برانگسا میں چین اور بھارت کے درمیان موجود لائن آف ایکچوئل کنٹرول کے قریب پیش آیا۔

بھارت کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ ایک "افسوس ناک حادثہ" ہے اور اس میں ہلاک ہونے والے سپاہیوں کی خدمات کو کبھی بھلایا نہیں جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس دکھ کی گھڑی میں قوم ان سپاہیوں کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔

لداخ میں چینی اور بھارتی افواج کے مابين مئی 2020ء میں جھڑپیں ہوئی تھیں، جن میں 20 بھارتی اور چار چینی سپاہی ہلاک ہو گئے تھے۔ تب ہی سے اس سرحد پر کشیدگی میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور ان دونوں ممالک نے فوجی اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد وہاں تعینات کی ہوئی ہے۔

(اے پی) م ا ⁄ ع س