بھارتی گاؤں کے ایک گھر میں مگرمچھ بنا بِن بلایا مہمان
2 نومبر 2017نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست اُڑیسہ کے ایک گاؤں کے رہائشی داسارتھا ماداکامی نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ وہ گزشتہ روز اپنے گھر میں سویا ہوا تھا کہ کچھ عجیب وغیب آوازوں سے اس کی آنکھ کھل گئی۔ اُٹھنے کے بعد اس نے کیا دیکھا کہ ایک تین میٹر لمبا مگر مچھ اس کےگھر میں بن بلائے مہمان کی طرح براجمان تھا۔
ماداکامی نے بتایا،’’ میں بہت زیادہ خوف زدہ ہو گیا، میں نے اپنے گھر والوں کو جگایا اور گاؤں والوں کو مدد کے لیے آوازیں دیں۔‘‘ ماداکامی کا کہنا تھا کہ گاؤں کے لوگ بھی اتنے بڑے مگر مچھ کو دیکھ کر خوفزدہ ہو گئے تھے۔ انہوں نے اسے مارنے کی کوشش کی لیکن ماداکامی کے بقول وہ اس مگر مچھ کو مارنا نہیں چاہتا تھا۔
مگر مچھ کو بعد میں جنگل کی حفاظت کے لیے تعینات اہلکاروں کی مدد سے پکڑ لیا گیا۔ ان اہلکاروں کے مطابق یہ مگر مچھ گاؤں سے ملحق ایک ڈیم سے نکل کر ماداکامی کے گھر تک پہنچ گیا تھا۔ جنگل کے ضلعی افسر سمرت گودا نے نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا ،’’ دیہات کے لوگ بہت ڈرے ہوئے تھے، ہم بھی خوفزدہ ہوگئے تھے ہمیں معلوم ہی نہیں تھا کہ اس ڈیم میں مگر مچھ بھی ہیں۔‘‘
اس مگر مچھ کو گاؤں سے لگ بھگ پچاس کلومیٹر دور پانی کے ایک ذخیرے میں چھوڑ دیا گیا ہے۔