1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھوپال ميں کشتی ڈوبنے سے گيارہ ہندو زائرين ہلاک

13 ستمبر 2019

ہندو ديوتا گنيش کے پیروکاروں کے ايک مذہبی تہوار کے دوران وسطی بھارت ميں پيش آنے والے ايک حادثے ميں گيارہ ہندو زائرين کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/3PX7N
BdTD Indien Ganesh Chaturthi Festival in Guwahati
تصویر: Getty Images/AFP/B. Boro

بھارت کی وسطی رياست مدھيہ پرديش ميں دو کشتياں ڈوبنے کے نتيجے ميں کم از کم گيارہ ہندو ياتری ہلاک ہو گئے ہيں۔ يہ واقعہ رياستی صدر مقام بھوپال ميں واقع ايک نہر ميں جمعے تيرہ ستمبر کو پيش آيا۔ کشتيوں پر سترہ افراد سوار تھے، جو ہندو ديوتا گنيشا کے مجسمے کو دريا کے پانی ميں چھوڑنے کی ايک سالانہ روايت ميں شرکت کے ليے جا رہے تھے۔

ہندو عقيدت مند بھارت کے مختلف حصوں ميں گنيش چتھورتھی کا مذہبی تہوار منا رہے ہيں۔ اس دس روزہ سالانہ تہوار کا اختتام گنيش کی مورتيوں کے کسی دريا، نہر يا سمندر کے پانی ميں ڈبونے سے ہوتا ہے۔

علاقے کی انتظاميہ کے ايک اہلکار تارن کمار پتھوڈے نے بذريعہ ٹيلی فون واقعے کی تفصيلات بتاتے ہوئے مطلع کيا کہ چھ افراد بچ گئے جنہيں يا تو ريسکيو کيا گيا يا پھر وہ پيراکی کر کے کنارے تک پہنچنے ميں کامياب رہے۔ پتھوڈے جائے واقوعہ پر موجود تھے۔ عينی شاہدين کے مطابق پہلی کشتی ڈوبنے کے بعد افراتفری پھيل گئی اور اپنی جانيں بچانے کے ليے چند افراد نے دوسری کشتی پر چھلانگ لگانے کی کوشش کی۔ اسی اثناء میں دوسری کشتی بھی اپنا توازن برقرار نہ رکھ پائی اور پانی ميں غرق ہو گئی۔

پوليس نے دو کشتی چلانے والوں کو حراست ميں لے ليا ہے۔ ان پر لاپرواہی کے سبب ہلاکتوں کی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔ حکام نے تحقيقات کا حکم جاری کيا ہے اور اس بات ک تفتيش کا بھی کہا ہے کہ کشتی والوں نے مسافروں کو لائف جيکٹس کيوں نہيں فراہم کيں۔

بھارت ميں کشتيوں کے ساتھ پيش آنے والے حادثات ميں سالانہ سينکڑوں افراد ہلاک ہو جاتے ہيں۔

ع س / ک م، نيوز ايجنسياں