1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بی جے پی کی ممکنہ فتح اور آزادی اظہار کے حامیوں کے خدشات

عصمت جبیں28 مارچ 2014

دیوندر نارائن جھا دھیمے مزاج والے ایک ایسے مؤرخ ہیں جو بڑے پرسکون انداز میں یہ گنتے ہیں کہ جب بھارت میں ہندو قوم پسندوں کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی پچھلی مرتبہ اقتدار میں تھی تو انہیں کتنی بار موت کی دھمکیاں ملی تھیں۔

https://p.dw.com/p/1BXiW
تصویر: Indranil Mukherjee/AFP/Getty Images

تب ٹیلی فون پر ایک نامعلوم آواز میں انہیں دھمکی دی جاتی تھی، ’اگر تم نے یہ کتاب چھاپی تو ہم تمہیں جان سے مار دیں گے‘۔ اس کی وجہ اس وقت 74 سالہ دیوندر نارائن جھا کی وہ کتاب تھی، جس کا عنوان تھا، ’مقدس گائے، کھانے کی بھارتی روایات میں گوشت‘۔

دہلی یونیورسٹی کے یہ سابق پروفیسر اب تک ایک درجن کے قریب کتابیں لکھ چکے ہیں۔ 2001ء میں انہوں نے اس بارے میں بحث کے ساتھ ہندو مذہبی انتہا پسندوں کو شدید ناراض کر دیا تھا کہ اس بارے میں تاریخی ثبوت موجود ہیں کہ زمانہء قدیم میں ہندو گائے کا گوشت کھایا کرتے تھے۔ اس بحث کے بعد ناراض ہندو سیاسی کارکنوں نے ان کے گھر پر حملہ کر دیا تھا اور اگلے تین سال پروفیسر جھا کو پولیس کی حفاظت میں گزارنا پڑے تھے۔

Kühe und Milchproduktion in Indien
’اس بارے میں تاریخی ثبوت موجود ہیں کہ زمانہء قدیم میں ہندو گائے کا گوشت کھایا کرتے تھے‘تصویر: AP

انہیں اس دوران اپنی ممکنہ گرفتاری کے خلاف بھی مسلسل کوششیں کرنا پڑی تھیں۔ تب بی جے پی کے ایک سابق رکن پارلیمان کی طویل عرصے تک یہ کوشش رہی کہ پروفیسر جھا کو یہ دعویٰ کرنے پر گرفتار کیا جانا چاہیے کہ ہندو جس جانور کو مقدس جانتے ہیں، کبھی وہ اسی کا گوشت کھایا کرتے تھے۔

بھارت کو زیادہ تر ایک ترقی پسند اور سیکولر جمہوریت سمجھا جاتا ہے۔ پروفیسر جھا کی گائے کے گوشت کے بارے میں کتاب شائع تو ہو گئی تھی لیکن اس پر کچھ عرصے کے لیے پابندی بھی لگا دی گئی تھی۔ ایسا ایک ہندو مذہبی گروپ کی طرف سے دائر کیے جانے والے مقدمے کے نتیجے میں ہوا تھا، جو ریاست آندھرا پردیش میں دائر کیا گیا تھا۔

بھارت میں سات اپریل سے قومی پارلیمانی انتخابات کا آغاز ہونے والا ہے اور وہ پانچ ہفتے تک جاری رہنے کے بعد مئی کے وسط میں مکمل ہوں گے۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق اس الیکشن میں ممکنہ طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی جیت جائے گی جو ملکی سطح پر دس سال سے اپوزیشن میں ہے۔

Master.
ہندو قوم پسند جماعت بی جے پی پارٹی کے سخت گیر نظریات کے حامل رہنما نریندر مودیتصویر: Reuters

ہندو قوم پسند جماعت بی جے پی کی انتخابی کامیابی کے کافی زیادہ امکانات کی وجہ سے بھارت میں کئی سیاسی اور سماجی حلقوں کو خدشہ ہے کہ آئندہ وہاں ثقافتی عدم برداشت کا ایک نیا دور دیکھنے میں آ سکتا ہے۔ خاص طور پر پارٹی کے سخت گیر نظریات کے حامل رہنما نریندر مودی کے بھارت کا نیا وزیر اعظم بن جانے کی صورت میں۔

بھارتی مؤرخ دیوندر نارائن جھا نے دہلی کے مشرقی حصے میں اپنے گھر پر نیوز ایجنسی اے ایف پی کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا، ’’اگر بی جے پی، خاص کر نریندر مودی اقتدار میں آ گئے، تو یہ ممکن ہے کہ اسکالرز کو ہراساں کیا جائے اور ملکی قوانین کو ان کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی جائے۔‘‘

ان حالات میں بھارت میں آزادیء رائے اور آزادیء اظہار کے حامی کافی تشویش میں مبتلا ہیں۔ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے۔ وہاں کا پریس بھی بہت فعال ہے۔ وہاں کا دانشور طبقہ اپنے غیر جانبدارانہ سوچ کا حامل ہونے پر فخر کرتا ہے اور آزادیء اظہار کے حق کا ڈٹ کر مقابلہ کرتا ہے۔ لیکن ایک بھارتی پبلشر کے مطابق ملک میں ابھی سے ’خود پر پابندیاں لگانے‘ یا ‘سیلف سنسرشپ‘ کے آثار نظر آنے لگے ہیں۔ اپنے اوپر یہ سنسرشپ وہ صحافی اور مصنفین لگا رہے ہیں جو بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کے بارے میں لکھ رہے ہیں۔

نئی دہلی میں عورتوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والے ایک پبلشنگ ہاؤس Zuban books ’زبان بُکس‘ سے منسلک ارواشی بوٹالیا کے مطابق مودی پر ماضی میں جو کچھ تنقیدی انداز میں لکھا گیا تھا، اس کی شدت بھی تبدیلیوں کے ساتھ کم کر دی گئی ہے۔ بُوٹالیا کے بقول، ’’اگر بھارتیہ جنتا پارٹی اقتدار میں آ گئی تو آزادیء اظہار پر پابندیاں بھی دیکھنے میں آئیں گی۔‘‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید