1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیروت:امریکی سفارت خانے پر فائرنگ کرنے والا'غزہ حامی' گرفتار

6 جون 2024

لبنانی فوج نے کہا کہ بدھ کے روز بیروت میں امریکی سفارت خانے پر فائرنگ کرنے والے شامی شہری کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اس نے "غزہ کی حمایت میں" حملہ کیا تھا جس میں سفارت خانے کا ایک سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گیا۔

https://p.dw.com/p/4giBE
امریکی سفارت خانے پر حملے کے بعد اطراف کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے
امریکی سفارت خانے پر حملے کے بعد اطراف کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہےتصویر: Houssam Shbaro/Anadolu/picture alliance

لبنانی فوج نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ''عوکر کے علاقے میں لبنان میں امریکی سفارت خانے پر بدھ کے روز ایک شامی شہری نے فائرنگ کی تھی۔ علاقے میں تعینات فوجی اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی، جس میں حملہ آور زخمی ہوگیا اور اسے گرفتار کرکے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔"

ایک عدالتی ذرائع نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ فائرنگ کرنے والا شدید زخمی تھا اور اس نے بتایا کہ اس نے یہ حملہ غزہ کی حمایت میں آپریشن کے طور پر کیا۔

حزب اللہ کا حملہ: متعدد اسرائیلی فوجی زخمی، چھ کی حالت نازک

لبنان اور اسرائیل کے مابین جنگ کا خطرہ بڑھتا ہوا

سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ حملہ آور مشرقی لبنان میں البقاع کے علاقے مجد عنجر میں رہتا ہے۔ اس نے یہ کارروائی تنہا کی ہے۔ تاہم سکیورٹی فورسز نے حملہ آور کے بھائی اور والد اور اس کو جاننے والے پانچ دیگر افراد کو گرفتار کرلیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

دریں اثنا لبنان کے نگران وزیر اعظم نجیب میقاتی نے بتایا کہ انہیں سکیورٹی حکام کی طرف سے صورت حال کے بارے میں مطلع کیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ صورتحال مستحکم ہے۔

لبنانی سکیورٹی اہلکار
لبنانی سکیورٹی اہلکار ایک موٹر سائیکل سوار کے دستاویزات چیک کرتے ہوئےتصویر: picture alliance/AP/Bilal Hussein

ہوا کیا تھا؟

امریکی سفارت خانے کے مطابق بدھ کی صبح اس کے داخلی دروازے کے قریب چھوٹے ہتھیار سے فائرنگ کی اطلاع ملی۔ یہ سفارت خانہ بیروت کے شمال میں ایک انتہائی محفوظ زون میں واقع ہے جس کے داخلی راستے پر متعدد چیک پوائنٹس ہیں۔

جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملہ، حزب اللہ کا اہم کمانڈر ہلاک

لبنان سے اسرائیل پر حزب اللہ کے حملوں میں تیزی

سکیورٹی ذرائع نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ حملے میں سفارت خانے کی سکیورٹی ٹیم کا ایک رکن زخمی ہوا اور لبنانی فوجیوں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور کے پیٹ پر زخم آئے۔

امریکی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ قلعہ بند سفارت خانے کے احاطے میں ''داخلی راستے کے قریب فائرنگ کی گئی تھی۔ لبنانی سکیورٹی فورسز اور سفارت خانے کی سکیورٹی ٹیم نے فوری جوابی کارروائی کی اور ہمارا عملہ محفوظ ہے۔ لبنانی فوج نے سفارت خانے کے ارد گرد اہلکار تعینات کردئیے اور سفارت خانہ کی طرف جانے والی سڑکوں کو کاٹ دیا ہے۔"

ادھر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھو ملر نے کہا کہ گرفتار حملہ آور نے جو کپڑے پہنے ہوئے تھے ان پر 'آئی ایس آئی ایس' کا نشان بنا ہوا تھا۔ جس سے شدت پسند داعش سے اس کی وابستگی ظاہر ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ لبنانی حکام کے ساتھ مل کر اس واقعے کی مکمل تفتیش کرے گا تاکہ حملے کے حقیقی محرکات سامنے آسکیں۔"

لبنانی شہریوں نے غزہ پر اسرائیلی حملے کے خلاف گزشتہ اکتوبر میں بیروت میں امریکی سفارت خانے کے باہر مظاہرے کیے تھے
لبنانی شہریوں نے غزہ پر اسرائیلی حملے کے خلاف گزشتہ اکتوبر میں بیروت میں امریکی سفارت خانے کے باہر مظاہرے کیے تھےتصویر: Jose Colon/Anadolu/picture alliance

امریکی سفارت خانے پر ماضی میں بھی حملے ہوئے ہیں

بدھ کے روز یہ فائرنگ 1984 میں بیروت میں امریکی سفارت خانے کے باہر مہلک کار بم دھماکے کی برسی کے موقع پر ہوئی جس کا الزام امریکہ نے حزب اللہ پر لگایاتھا۔اس حملے میں حملہ آور سمیت 24 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

لبنان میں امریکی سفارتی اور فوجی مشنز پر 1975-1990 کی خانہ جنگی کے دوران متعدد حملے کیے گئے جب کہ اس دوران تنظیم نے کئی امریکیوں کو یرغمال بھی بنایا۔

اپریل 1983 میں کیے گئے ایک خودکش حملے کے نتیجے میں 63 افراد کی ہلاکت کے بعد امریکی سفارت خانہ عوکر منتقل کر دیا گیا تھا۔

ج ا/ ص ز (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز، ڈی پی اے)