بینیڈکٹ شانزدہم منصب پاپائیت سے کنارہ کش
1 مارچ 2013پوپ بینیڈکٹ شانزدہم نے مستعفی ہونے کے بعد ویٹیکن میں پوپ کی سرکاری رہائش گاہ اور دفتر کو الوداع کہہ دیا۔ بینیڈکٹ شانزدہم کی رخصتی کے وقت ویٹیکن کے تمام گرجا گھر گھنٹیاں بجا رہے تھے۔ پوپ کو اعزازی طور پر پوپ ایمریٹس کا اعزاز بھی دیا گیا ہے۔ ان کو عزت مآب کے ساتھ پکارا جائے گا۔
پاپائیت کا منصب چھوڑنے کے بعد وہ سرخ جوتے نہیں پہنیں گے جو ہر پوپ روایتی طور پر پہنتا ہے۔ اسی طرح انہوں نے خصوصی انگوٹھی بھی واپس کر دی ہے۔ وہ اپنی بقیہ عمر میں بینیڈکٹ شانزہم کا لقب استعمال کرتے رہیں گے اور اپنی بقیہ زندگی ویٹیکن ہی میں گزاریں گے۔
پوپ کی رہائش گاہ پر پوپ بینیڈکٹ شانزدہم کے ذاتی عملے نے گلو گیر آنکھوں سے انہیں الوداع کہا۔ دوسری جانب روم کی ایک پہاڑی پر واقع محل کے گرد ہجوم جذباتی انداز میں ویٹیکن کا زرد اور سفید جھنڈا لہرا رہا تھا۔ بینیڈکٹ شانزدہم کی پاپائیت کا سفر 19 اپریل سن 2005 سے شروع ہو کر 28 فروری سن 2013 کو ان کی اپنی مرضی اور منشا سے اختتام پذیر ہوا۔
انہوں نے روانگی کے بعد اپنی نئی رہائش گاہ کاسل گانڈولفو (Castel Gandolfo) کی بالکونی میں آ کر باہر کھڑے جذباتی ہجوم سے مختصر الوداعی خطاب کیا اور کہا کہ وہ اب پوپ نہیں رہے بلکہ ایک زائر کی حیثیت رکھتے ہیں۔ وہ تقریباً آٹھ برس پوپ رہے۔ مستعفی ہونے والے پوپ اگلے دو ماہ تک اسی محل میں مقیم رہیں گے۔ اس نئی رہائش گاہ کی سکیورٹی اب اطالوی دارالحکومت روم کی پولیس کے سپرد ہے۔ ویٹیکن میں پوپ کی خصوصی سکیورٹی کی ذمہ داری سوئٹزرلینڈ کے فوجی دستوں کے سپرد ہوتی ہے۔ کاسل گانڈولفو پاپئے روم کی گرمائی رہائش گاہ ہے۔
28 فروری کے روز پوپ نے ویٹیکن میں موجود تمام کارڈینلز سے خصوصی خطاب بھی کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ان کے سامنے موجود کارڈینلز میں سے ایک مستقبل کا پوپ بھی بیٹھا ہے اور وہ اس موقع پر نئے پوپ کی تابع فرمانی کا خلوص دل سے وعدہ کرتے ہیں۔ بینیڈکٹ شانزدہم کے منصب سے علیحدہ ہونے کے بعد اب کیتھولک کلیسا کی عبوری سربراہی کارڈینل ٹارچیزیو برٹونے (Tarcisio Bertone) کو منتقل کر دی گئی ہے۔
کارڈینل برٹونے ویٹیکن کے سیکرٹری آف اسٹیٹ بھی ہیں۔ ویٹیکن کے عبوری سربراہ کے طور پر کارڈینل برٹونے کا پہلا عمل پوپ کی رہائش گاہ مقفل کرنا تھا تاکہ اس میں اگلے پوپ کو انتخاب کے بعد منتقل کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ انہیں اس فریضے کو بھی سرانجام دینا ہے کہ بینیڈکٹ شانزدہم کی خصوصی مہر اور انگوٹھی کو باقاعدہ طور پر تلف کر دیا جائے۔ پوپ کی اس روایتی انگوٹھی کو فِشرمینز رنگ (Fisherman's ring ) کہا جاتا ہے۔
ویٹیکن کے کالج آف کارڈینلز کے 115 اراکین پیر کے روز اپنی میٹنگ میں طے کریں گے کہ نئے پوپ کے انتخاب کے لیے خفیہ رائے شماری کا سلسلہ کب شروع کیا جائے۔ کارڈینلز کی پوپ کے انتخاب کے اجلاس کو کانکلیو (Conclave) کہتے ہیں۔ اس کانکلیو میں ترتیب کے اعتبار سے 266 ویں پوپ کا انتخاب کیا جائے گا۔
(ah/aba(Reuters, AP