1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بے نظیر قتل : اقوام متحدہ کی رپورٹ پر ردعمل

16 اپریل 2010

پاکستان پیپلز پارٹی نے بےنظیر بھٹو قتل کیس کے حوالے سے اقوام متحدہ کی تحقیقاتی رپورٹ کو اپنے اس موقف کی تائید قرار دیا ہے جس کے مطابق سابقہ حکومت کی غفلت بے نظیر بھٹو کے قتل کا سبب بنی۔

https://p.dw.com/p/Mygj
تصویر: AP

اسلام آباد میں ایوان صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق اقوام متحدہ کے بے نظیر بھٹو کمیشن کی رپورٹ کے نتائج نے ثابت کر دیا ہے کہ صدرآصف زرداری اور پیپلز پارٹی کی دیگر قیادت کا یہ کہنا درست تھا کہ مشرف حکومت نے بے نظیربھٹو کو مناسب سیکورٹی فراہم نہیں کی تھی۔ تاہم دوسری طرف سابق صدرجنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے ترجمان راشد قریشی نے اقوام متحدہ کی تحقیقات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ رپورٹ مرتب کرتے ہوئے درست طریقہ کار نہیں اپنایا گیا'' اس وقت پاکستان میں سومرو صاحب کی حکومت تھی اس پرویز مشرف کو کیسے شامل قرار دیا جاسکتا ہے اس وقت آرمی چیف کا کی ذمہ داریاں جنرل اشفاق پرویز کیانی کو سونپ چکے تھے۔ دوسرے نمبر پر کروڑ روپے موجودہ حکومت نے اس مد میں خرچ کئے ہیں اور نتائج وہی سامنے آئے جو دو سال پہلے حکومت پاکستان نے واضح کئے تھے کہ بیت اللہ محسود اور اس کے حامیوں نے بےنظیر بھٹو کو نشانہ بنایا۔‘‘

ادھر بےنظیر بھٹو کی سابق معتمد خاص اور قریبی ساتھی ناہید خان کا کہنا ہے کہ اصل تحقیقات اس وقت تک مکمل نہیں ہو سکتیں جب تک بقول ان کے بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کا تعین نہیں کر لیا جاتا ''موجودہ حکومت کے اوپر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوام پر واضح کریں کہ وہ کون سا طریق کار ہے جس سے  ایمانداراور محنتی لوگوں کو شامل کر کے بے نظیر بھٹو شہید صاحبہ کے قاتلوں تک پہنچا جا سکے‘‘

ناہید خان نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ پیپلز پارٹی کے ان عناصر سے بھی پوچھ گچھ کی جائے جو اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق بے نظیر بھٹو کو موزوں سیکورٹی فراہم نہ کر نے میں برابر کے ذمہ دار تھے۔ ایوان صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کی گرفتاری کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر بتایا'' اقوام متحدہ کے کمیشن کی رپورٹ کا آخری نقطہ یہی ہے کہ اب یہ موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ذمہ دارانہ رویہ اپناتے ہوئے تحقیقات کرے اورصدر پاکستان کا پارلیمان میں خطاب اس بارے میں مزید رہنمائی کرتا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ اب ان تحقیقات میں مزید تیزی آ جائے گی اور جلد حتمی نتیجہ پر پہنچا جائے گا‘‘

سابق آئی جی پولیس اور تجزیہ نگار افضل شگری کے مطابق اقوام متحدہ کی رپورٹ آنے کے بعد اب بال حکومت کے کورٹ میں ہے کہ وہ تمام تر وسائل کی موجودگی میں کب تک بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کی گرفتاری میں کامیاب ہوتی ہے۔

رپورٹ: شکور رحیم

ادارت : عدنان اسحاق