تبتیوں کے روحانی پیشوا دلائی لامہ کی 75 ویں سالگرہ
6 جولائی 2010دلائی لامہ بھارت کے دھرم شالا نامی پہاڑی قصبے میں 1959 سے مقیم ہیں، جہاں وہ نصف صدی سے بھی زائد عرصے سے جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں اور اسی قصبے میں تبت کی مرکزی جلاوطن حکومت بھی قائم ہے۔
دلائی لامہ کی سالگرہ جہاں ان کے ہزار ہا پیروکاروں کے لئے انتہائی خوشی کا موقع ہے وہیں پر اب تبت کے باشندوں کے اس دنیاوی اور مذہبی رہنما کی بزرگی کے باعث یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ ان کا جانشین کون ہو گا اور تبت ہی کے مسئلے پر دلائی لامہ اور بیجنگ میں چینی حکومت کے مابین انتہائی طویل جمود بالآخر کب ختم ہو گا۔
دھرم شالا میں اپنی سالگرہ کے موقع پر ہمالیہ کے اس پہاڑی قصبے میں میکلوڈ گنج نامی مرکزی بدھ عبادت گاہ کے سامنے شدید بارش کے باوجود جمع ہونے والے اپنے قریب پانچ ہزار پیروکاروں، سکولوں کے بے شمارطلبہ و طالبات اور بہت سے غیر ملکی سیاحوں پر مشتمل ایک اجتماع سے خطاب کیا ۔
جس میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں جو مراحل طے کئے ہیں، اور جو کچھ اپنی زندگی میں حاصل کرنے کی کوشش کی ہے، جب وہ یہ سب کچھ دیکھتے ہیں تو انہیں محسوس ہوتا ہے کہ ان کی زندگی ضائع نہیں ہوئی۔
اس موقع پر اپنی مادری زبان میں کی جانے والی ایک تقریر میں تبتی باشندوں کے اس پیشوا نے کہا کہ انہیں اس بات پر افسوس ہے کہ تبت کے عوام کو چینی حکام کی طرف سے مخالفت کے باعث ان کی سالگرہ منانے کی اجازت بھی نہیں دی گئی کیونکہ چین دلائی لامہ کو ایک علٰیحدگی پسند رہنما قرار دیتا ہے۔
دریں اثنا بھارت کے ہمسایہ ملک نیپال میں آج دلائی لامہ کی سالگرہ منانے کے لئے کئی سو تبتی باشندے کٹھمنڈو میں جمع ہوئے، جنہیں پولیس نے عارضی طور پر گرفتار کر لیا اور پھر کچھ دیر بعد رہا بھی کر دیا۔
اس کی وجہ یہ تھی کہ نیپالی حکومت نے ان تبتی باشندوں پر پابندی عائد کر رکھی تھی کہ وہ اپنے جلاوطن دنیاوی اور روحانی رہنما کی سالگرہ کی عوامی مقامات پر کوئی تشہیر نہ کریں۔
اس موقع پر دلائی لامہ کے پیروکاروں کو کسی عوامی جگہ پر کوئی تقریب منعقد کرنے سے روکنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی تھی۔
نوبل امن انعام یافتہ 75 سالہ دلائی لامہ آج اپنی سالگرہ کے دن میکلوڈ گنج ٹیمپل میں جمع ہونے والے اپنے ہزاروں عقیدت مندوں سے خطاب کرتے ہوئے حسب معمول مسکرا رہے تھے اور بظاہر کافی صحت مند دکھائی دے رہے تھے۔
رپورٹ: عصمت جبیں
ادارت: مقبول ملک