ترک صدر ايردوآن کو يورپی سمٹ ميں شرکت کی دعوت
13 نومبر 2015يورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹُسک نے تنبيہ کی ہے کہ پاسپورٹ کے بغير سفر کرنے والے شينگن زون کو بچانے کے ليے يونان کے راستے مہاجرين کی آمد کی رفتار کو کم کرنے کے حوالے سے وقت کی شديد کمی کا سامنا ہے۔ ٹُسک نے يہ بات مالٹا کے دارالحکومت ویليٹا ميں يورپی يونين اور افريقی ممالک کی سمٹ کے بعد منعقدہ يورپی يونين کے ايک ہنگامی اجلاس ميں کہی۔
اگرچہ يورپ ميں اس حوالے سے مخالف بھی پائی جاتی ہے کہ ترکی ميں انسانی حقوق کی مبينہ خلاف ورزيوں کے تناظر ميں صدر رجب طيب ايردوآن کو زيادہ کچھ نہ ديا جائے تاہم حاليہ انتخابات ميں ان کی جماعت کی واضح کاميابی کے سبب مغربی رہنماؤں کے سامنے مطالبات رکھنے کے حوالے سے ايردوآن کی پوزيشن مستحکم ہو گئی ہے۔
اجلاس ميں شرکاء کو انقرہ حکومت کے ساتھ اس حوالے سے جاری مذاکراتی عمل کی پيش رفت سے آگاہ کيا گيا اور انہيں حتمی شکل دينے کی منظوری بھی دے دی گئی۔ نيوز ايجنسی روئٹرز کے مطابق اٹھائيس رکنی يورپی يونين کے رکن ممالک اور ترک رہنما کے مابين اسی ماہ کے اواخر یا دسبمر کے اوائل ميں برسلز ميں ہونے والی سمٹ ميں ان اقدامات کو حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔
اطلاعات کے مطابق يورپی يونين کی طرف سے انقرہ حکومت کو آئندہ دو برس کے ليے تين بلين يورو کی مالی امداد کے علاوہ ترکی کی يورپی يونين ميں شموليت کے حوالے سے مذاکراتی عمل کی بحالی اور ترکی کے شہريوں کے ليے بغير ويزے يورپ ميں سفر جيسی سہولت مہیا کرنے کی پيشکش کی جائے گی۔ اس کے بدلے يورپی بلاک چاہتا ہے کہ انقرہ حکومت ترکی ميں موجود شامی پناہ گزينوں کے حالات ميں بہتری لائے اور ايشيائی ممالک سے يورپ پہنچنے والے تارکين وطن کو روکنے کے ليے اقدامات کرے۔
جرمن چانسلر انگيلا ميرکل نے کہا کہ يورپی يونين اور ترکی کے مابين ہونے والی يہ سمٹ اس بات کی عکاس ہو گی کہ فريقين ايک دوسرے کے ساتھ کام کرتے ہوئے شامی خانہ جنگی کے سبب پیدا ہونے والے چيلنجز سے ذمہ دارانہ انداز ميں نمٹيں گے۔ يونانی وزير اعظم اليکسس سپراس کے بقول يہ واضح ہے کہ مہاجرين کی آمد کے سلسلے کو روکنے کے ليے ترکی کليدی اہميت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے انقرہ حکومت کے ساتھ سمجھوتہ نا گزير ہے۔