1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ترک ناکام بغاوت: تاجروں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن

امتیاز احمد29 جولائی 2016

ترک حکام نے ناکام بغاوت کے بعد شروع کے جانے والے کریک ڈاؤن کے سلسلے کو کاروباری شعبے تک وسیع کر دیا ہے۔ تحقیقات کے لیے امریکا میں مقیم مبلغ فتح اللہ گولن کے حامی تین امیر ترین تاجروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1JYek
Bildkombo Recep Tayyip Erdogan und Fethullah Gülen
انقرہ حکومت کا کہنا ہے کہ ترکی میں ہونے والی ناکام بغاوت کے پیچھے امریکا میں مقیم مذہبی رہنما فتح اللہ گولن کا ہاتھ تھا جبکہ وہ اس الزام کی تردید کرتے ہیںتصویر: Links: picture-alliance/dpa/AP/Pool // Rechts: Reuters/Handout

ترکی میں پندرہ جولائی کی ناکام بغاوت کے بعد سے تقریباﹰ سولہ ہزار افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ آج اکیس صحافیوں کو بھی استنبول کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا۔

دوسری جانب اتنے بڑے پیمانے پر کی جانے والی گرفتاریوں کی وجہ سے ترکی کے خلاف بین الاقوامی تنقید میں شدید اضافہ ہو گیا ہے۔ یورپی یونین نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے کے صورت میں ترکی کی یونین میں شمولیت سے متعلق جاری مذاکراتی عمل کو منجمد کر دیا جائے گا۔

یورپی یونین میں توسیع کے شعبے کے کمشنر یوہانس ہان نے کہا ہے، ’’ابھی تک ان حقائق سے پردہ نہیں اٹھایا جا رہا کہ گرفتار ہونے والوں کے ساتھ کیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔ اگر ذرا سا بھی شک ہوا کہ قیدیوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا ہے تو نتائج ناگزیر ہوں گے۔‘‘

دریں اثناء ترک حکام نے کریک ڈاؤن کا سلسلہ کاروباری شعبے تک وسیع کر دیا ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایسے تمام کاروباری افراد کو گرفتار کیا جا سکتا ہے جو امریکا میں مقیم مذہبی رہنما گولن کی تنظیم کو ترکی میں مالی مدد فراہم کرتے ہیں۔ آج اس سلسلے میں ترک تجارتی دنیا کے تین امیر ترین تاجروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ترکی کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق سکیورٹی فورسز نے آج ’’بوئدک ہولڈنگ کمپنی‘‘ کے سربراہ مصطفیٰ بوئدک سمیت اس کمپنی کے دو اعلیٰ عہدیداروں کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس کاروباری خاندان کے کئی دیگر افراد کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

میڈیا اطلاعات کے مطابق اس خاندان کی ملکیتی کمپنیاں ترکی کی کارپوریٹ معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔ اس خاندان کی کمپنیاں فرنیچر، توانائی اور فنانس کے شعبے میں کام کرتی ہیں۔

ترکی میں گولن کے حامیوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے تحت عدالتوں، میڈیا، تعلیم اور سول سروس میں کام کرنے والے ہزاروں افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

انقرہ حکومت کا کہنا ہے کہ ترکی میں ہونے والی ناکام بغاوت کے پیچھے امریکا میں مقیم مذہبی رہنما فتح اللہ گولن کا ہاتھ تھا جبکہ وہ اس الزام کی تردید کرتے ہیں۔ گولن نے سن انیس سو ننانوے میں خود ساختہ جلاوطنی اختیار کر لی تھی۔