1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ترکی: استنبول کے تقسیم اسکوئر میں ایک بڑی مسجد کا افتتاح

29 مئی 2021

تاریخی ترک شہر استنبول کے تقسیم اسکوائر میں ایک نئی بڑی مسجد کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد اس کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ اس جامع مسجد کا افتتاح ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے جمعہ اٹھائیس مئی کو کیا۔

https://p.dw.com/p/3u9Uq
Türkei Taksim Moschee in Istanbul
تصویر: Muhammed Enes Yildirim/AA/Getty Images

استنبول کے تقسیم اسکوائر میں ایک بڑی مسجد کی تعمیر صدر رجب طیب ایردوآن کا ایک دیرینہ خواب خیال کیا جاتا ہے۔ ترکی کے سب سے بڑے شہر کے مرکز میں تعمیر کی جانے والی مسجد پر تیس میٹر بلند گنبد دُور سے ہی نظر آتا ہے۔ اس مسجد میں عثمانی دور میں رواج پانے والی محرابیں بھی تعمیر کی گئی ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ مسجد قدیم و جدید طرزِ تعمیر کا ایک حسین امتزاج ہے۔

استنبول: ایک اور بازنطینی چرچ مسجد بننے جارہا ہے

ہزاروں افراد نماز ادا کر سکتے ہیں

تقسیم چوک میں تعمیر کی جانے والی جامع مسجد میں کم از کم چار ہزار افراد ایک ساتھ نماز ادا کر سکتے ہیں۔ مسجد کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا کہ استنبول میں یہ مسجد ایک اہم حیثیت کی حامل ہو گی اور اس شہر کا ایک تعارفی نشان بھی بنے گی۔

Türkei Taksim Moschee in Istanbul
تقسیم اسکوائر، استنبول میں تعمیر کی جانے والی نئی مسجد کا اندرونتصویر: Muhammed Enes Yildirim/AA/Getty Images

جمعہ اٹھائیس مئی کو ترک صدر نے اس نئی مسجد میں نماز بھی ادا کی۔ اس افتتاحی تقریب میں ہزاروں افراد نے بھی شریک ہو کر نمازِ جمعہ ادا کی۔ بے شمار لوگ مسجد کے اندر تھے اور مسجد میں جگہ نہ ملنے پر تقسیم چوک میں بھی کئی افراد نے بھی نماز ادا کی۔

آیا صوفیہ میوزیم مسجد میں تبدیل: کیا ایتھنز کی مسجد خطرے میں؟

ایردوآن کے نزدیک مسجد کی ضرورت

سن 1994 میں رجب طیب ایردوآن استنبول شہر کے میئر بنے تھے، تب سے وہ اس مقام پر مسجد تعمیر کرنے کی خواہش رکھتے تھے۔ ایردوآن کے مطابق اس علاقے میں مسجد کا نہ ہونا ایک 'معاشرتی خلا‘ تھا۔ تقسیم اسکوئر میں صرف ایک مذہبی عمارت دکھائی دیا کرتی تھی جو مسیحی آرتھوڈکس گرجا گھر ہے، اب ایک مسجد بھی تعمیر کر دی گئی ہے۔ اس مسجد کی تعمیر میں تاخیر کی وجوہات میں عوامی مباحثوں کے ساتھ ساتھ عدالتوں میں دائر مختلف مقدمات بھی حائل رہے۔

Türkei Taksim Moschee in Istanbul
استنبول میں تعمیر کی جانے والی نئی مسجد کا فضائی منظر، قریب میں آرتھوڈکس چرچ بھی دکھائی دے رہا ہےتصویر: Muhammed Enes Yildirim/AA/Getty Images

ناقدین کا کہنا ہے کہ مسجد کی تعمیر کا مقصد ملک پر مذہبی رنگ کو حاوی کرنا ہے، جو جدید ترکی کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کی تعلیمات اور سوچ کے منافی ہے۔ اتاترک نے عثمانی سلطنت کے اختتام پر ایک جدید ترک ریاست کی بنیاد سیکولر نظریات پر رکھی تھی۔ ان ناقدین کے مطابق ایردوآن بتدریج ترکی کے تشخص کو 'اسلامی‘ بناتے جا رہے ہیں۔

کلچرل مرکز مسمار

تقسیم اسکوائر میں تعمیر شدہ اُس ثقافتی مرکز کو ایردوآن حکومت نے مسمار کر دیا ہے جو اتاترک کے نام سے منسوب تھا۔ اب انقرہ حکومت اس مقام پر ایک اوپیرا ہاؤس تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کیے ہوئے ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ گزشتہ برس صدر رجب طیب ایردوآن نے کئی صدیوں تک مسیحی عبادت کے مرکز آیا صوفیہ کو ایک مسجد اور عجائب گھر میں تبدیل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا اور اس پر عمل بھی کر دیا گیا ہے۔

 ع ح، ع ت (روئٹرز، اے پی)