تمام وعدے پورے کیے جائیں گے، حسن روحانی
20 مئی 2017صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد ٹیلی وژن پر اپنے خطاب میں روحانی نے مزید کہا کہ انہوں نے انتخابی مہم کے دوران اپنے ہم وطنوں سے جو وعدے کیے تھے وہ سب پورے کیے جائیں گے۔ روحانی نے مزید کہا،’’ ایرانی شہری دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ پرامن اور دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں۔ تاہم ایران کسی طرح کی بھی تذلیل اور دھمکیوں کو قبول نہیں کرے گا۔‘‘ اس موقع پر روحانی کا مزید کہنا تھا، ’’ہماری عوام نے پڑوسی ممالک اور خطے کی دیگر ریاستوں پر واضح کر دیا کہ سلامتی کو یقینی بنانے کا اصل راستہ جمہوریت کا نفاذ ہے نا کہ غیر ملکی طاقتوں پر بھروسہ کرنا۔‘‘
دوسری جانب ایران میں حسن روحانی کے دوبارہ صدر منتخب ہونے پر جرمنی کے اقتصادی حلقوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ جرمن صنعت کاروں کی تنظیم کے سربراہ ڈیٹر کیمف نے کہا کہ یہ انتخابی نتیجہ ایران کے ساتھ مزید تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کی حوصلہ افزائی کا باعث بننے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران سیاسی اور اقتصادی میدانوں میں پیش رفت چاہتا ہے۔ اس بیان میں مزید کہا گیا کہ روحانی کو داخلہ سطح پر اطلاحات کو لازماً متعارف کرانا چاہیے۔
حسن روحانی تقریباً انسٹھ فیصد ووٹ لے کر دوبارہ صدر منتخب ہوئے ہیں جبکہ ان کے قریب ترین حریف ابراہیم رئیسی کو اڑتیس فیصد سے زائد ووٹروں کی حمایت حاصل ہوئی۔ یہ امر اہم ہے کہ رئیسی ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے معتمد خاص بھی ہیں۔