1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تندولکر نہ کھیلے تو فائدہ ہوگا، آفریدی

28 مارچ 2010

پاکستانی ٹوئنٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نےکہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم میں سچن تندولکر کے شامل نہ ہونے کا فائدہ دوسری ٹیموں کو پہنچے گا۔ تندولکر نے 2007ء میں اس فارمیٹ سے کناراکشی اختیار کرلی تھی ۔

https://p.dw.com/p/MgHe
پاکستانی ٹی 20 ٹیم کے کپتان شاہد آفریدیتصویر: AP
Indien Cricket Sachin Tendulkar
نامور بلے باز سچن تندولکرتصویر: AP

پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی نے اتوار کو ایک انٹرویو میں کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں تندولکر اپنے کھیل کے پورے عروج پر ہیں اور اگر وہ ورلڈ کپ میں شریک نہیں ہوتے تو یقینی طور پر اس کا فائدہ ایونٹ میں شامل دوسری ٹیموں کو ہوگا۔

2007ء میں بھارت کے اسٹار بلے باز راہول ڈراوڈ اور سراؤ گنگولی نے بھی ٹی 20 کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ اگر تندولکر اس ورلڈ کپ میں شریک ہوتے تو وہ بھارتی ٹیم کی جیت کے لئے بہترین مواقع فراہم کر سکتے تھے۔

’’تندولکر کی بیٹنگ میں روزانہ کی بنیاد پر نکھار آرہا ہے۔ وہ روز بروز بہتر سے بہتر ہوتا جارہا ہے۔ ٹی 20 میں وہ ایک تباہ کن قوت ہو سکتا تھا۔ تندولکر کے کھیل میں اس کی بڑھتی عمر کا کوئی اثر دکھائی نہیں دیتا۔‘‘

شاہد آفریدی نے کہا کہ تندولکر اب بھی اپنے کھیل کو پہلے ہی کی طرح دلچسپی سے لیتے ہیں اور ان کی رنز کی طلب کبھی کم ہونے کا نام نہیں لیتی۔

Shoaib Malik
ملک کو ایک سالہ پابندی کا سامنا ہےتصویر: AP

چند روز قبل سچن تندولکر نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی واپسی کی خبروں کو یکسر مسترد کر دیا تھا۔

دوسری جانب سابق پاکستانی کپتان شعیب ملک نے کرکٹ بورڈ کی جانب سے لگائی گئی ایک سالہ پابندی کے خلاف اپیل کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ اتوار کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ اپیل جمع کرانے کی تیاری کررہے ہیں۔ رواں ماہ کی دس تاریخ کو پاکستانی کرکٹ بورڈ نے ان پر نظم وضبط کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتے ہوئے ہرطرح کی بین الاقوامی کرکٹ پر پابندی کے ساتھ ساتھ پچیس ہزار ڈالر کا جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس پابندی کے خلاف ہر طرح کی جدوجہد کریں گے۔ ملک کے مطابق انہون نے اپنے گیارہ سالہ کیریئر میں کبھی ٹیم ڈسیپلن کی خلاف ورزی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس پابندی کے خلاف اپیل کے ذریعے اپنی بے گناہی ثابت کرنا چاہتے ہیں۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : ندیم گِل