تکنیکی وجوہات، اینڈیور کے آخری سفر میں تاخیر
30 اپریل 2011اینڈیور کے آخری بار سفر پر روانہ ہونے کے تاریخی لمحات کو اپنی آنکھوں سے براہ راست دیکھنے کے لیے جمعہ کو کینیڈی اسپیس سینٹر پہنچنے والے ان افراد میں امریکی صدر باراک اوباما اور ان کے اہل خانہ بھی شامل تھے۔
امریکی صدر باراک اوباما، ان کی اہلیہ اور بیٹیوں نے تاہم کینیڈی اسپیس سینٹر میں خلائی جہاز اینڈیور کے عملے سے ملاقات کے علاوہ خلائی شٹل اٹلانٹس کو بھی قریب سے دیکھا۔ خلائی شٹل اٹلانٹس رواں برس جون میں اپنے آخری سفر پر روانہ ہو گا۔ امریکی خلائی تحقیقی ادارے ناسا کے یہ دونوں جہاز اس سفر سے واپسی کے بعد ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔
خلائی جہاز اینڈیور کے آخری سفر کو دیکھنے کے لیے جمع ہونے والے افراد میں امریکی کانگریس کی رکن Gabrielle Giffords بھی شریک تھیں، جو شٹل کے کمانڈر کی بیوی بھی ہیں۔ Gabrielle Giffords رواں برس جنوری میں ایک قاتلانہ حملے میں بال بال بچی تھیں۔ اس حملے میں ان کے سر پر گولی لگی تھی تاہم وہ صحتیابی کی جانب لوٹ رہی ہیں۔ صدر اوباما نے Gabrielle Giffords سے بھی ملاقات کی۔
ماہرین کے مطابق خلائی جہاز کی روانگی میں تاخیر کی وجہ اس کے دو ہیٹرز میں پیدا ہونے والی خرابی ہے۔ یہ ہیٹرز جہازکی روانگی کے وقت اس کے ہائیڈرولک سٹیرنگ نظام کو توانائی فراہم کرتے ہیں۔ ناسا کا کہنا ہے کہ اس خرابی سے مکمل نجات میں کچھ دن کا وقت درکار ہو گا۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ نہیں کہا جا سکتا کہ اس نظام کی مرمت میں کتنا وقت درکار ہوگا۔ ناسا کے مطابق گو کہ اس خرابی کا حل نہایت سادہ ہے تاہم اس نظام کے مکمل جائزے کے بعد ہی کوئی حتمی رائے دی جا سکے گی۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : عاطف بلوچ