تیرہ سالہ بچے کے قتل پر بنگلہ دیش میں مظاہرے
14 جولائی 2015سارے بنگلہ دیش میں بندرگاہی شہر سلہٹ میں ہلاک کر دیے جانے والے تیرہ سالہ سمیع اللہ راجن کے حق میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ مظاہرین قاتلوں کی گرفتاری اور انہیں موت کی سزا کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ سلہٹ میں پولیس افسر اختر حسین کا کہنا ہے کہ مظاہرین تمام قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطابہ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں پھانسی کے پھندے پر لٹکانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اسی طرح ڈھاکا میں مظاہرین اپنے احتجاج کے دوران ’پھانسی دو، پھانسی دو‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔ کل پیر کے روز بھی کئی چھوٹے بڑے شہروں میں ہونے والے مظاہروں کے دوران لوگ پولیس کی سستی پر اپنی ناراضی کا اظہار کر رہے تھے۔
سمیع اللہ پر تشدد کرنے والوں کا کہنا ہے کہ وہ اُن کی سائیکل چوری کرنے کے بعد رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا۔ کچھ رپورٹ میں بتایا گیا کہ وہ ٹھیلا چرانے کی کوشش میں دھر لیا گیا تھا۔ ان الزامات کی سمیع اللہ کے خاندان نے تردید کی ہے۔ پولیس نے نوعمر بچے کی ہلاکت کے فوری بعد تین افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔ گرفتار ہونے والوں میں ایک مشتبہ شخص کی بیوی بھی شامل تھی۔ ایک ملزم کا ریمانڈ بھی عدالت کی جانب سے دیا گیا۔ پولیس اُن دو افراد کی تلاش میں ہے، جو براہ راست مارنے کے عمل میں شریک تھے۔ اب تک کُل پانچ افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں، جو اِس افسوسناک واردات میں ملوث بتائے جا تے ہیں۔
سمیع اللہ کی ہلاکت میں ملوث افراد کا مرکزی کردار محیط عالم ہے اور اُس کے ساتھی قمرالاسلام کو سعودی عرب میں گرفتار کیا گیا ہے۔ واردات کے فوری بعد قمر الاسلام سعودی عرب بھاگ گیا تھا۔ وہاں بنگلہ دیشی کمیونٹی کے افراد نے اُس کو شناخت کرنے کے بعد پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ گرفتاری کے وقت کی ویڈیو میں ہتھکڑی پہنے قمرالاسلام اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے معافی طلب کرتے ہوئے زاروقطار رو رہا ہے۔ وہ بار بار کہ رہا تھا کہ اُس سے غلطی ہو گئی ہے، اُسے معاف کر دیا جائے۔
تیرہ سالہ بچے سمیح اللہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ اُس کے بدن پر چونسٹھ سے زائد چوٹوں کے نشان تھے۔ اُس کی ہلاکت کی دردناک ویڈیو میں وہ پانی کے لیے بِلبلا رہا ہے لیکن اُس کے قاتلوں نے اُسے پانی سے محروم رکھا۔ اسی طرح ابتدائی تشدد کے بعد ایک مرتبہ اُسے جانے کی اجازت بھی دے دی گئی اور جب وہ کھڑا ہوا تو ایک قاتل بولا کہ اِسے مزید مارو ابھی اِس کی ہڈیاں سلامت ہیں۔ دوبارہ تشدد کرنے کے دوران نوعمر سمیع اللہ جاں بحق ہو گیا۔