1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہشمالی امریکہ

فلائیڈ کی پہلی برسی سے قبل ان کی یاد میں ریلیوں کا اہتمام

24 مئی 2021

امریکا میں سیاہ فام جارج فلائیڈ کے قتل کی پہلی برسی سے قبل ہی بہت سے کارکنان اور ان کے اہل خانہ نے انہیں یاد کرنے کے لیے ملاقات کی۔ گزشتہ برس ایک سفید فام پولیس افسر  نے گھٹنوں سے دبا کر  جارج کو قتل کر دیا تھا۔

https://p.dw.com/p/3tqKn
USA Minnesota George Floyd Gedenkmarsch Jahrestag Protest
تصویر: Brandon Bell/Getty Images

امریکی ریاست منی سوٹا کے شہر منی ایپلز میں 23 مئی اتوار کے روز سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کی موت کی پہلی برسی سے دو روز قبل ہی ایک ریلی کی گئی جس میں ان کے اہل خانہ سمیت بہت سے سماجی کارکنان نے شرکت کی۔ 25 مئی منگل کے روز جارج فلوئیڈ کے انتقال کو ایک برس مکمل ہو جائے گا جب پولیس کے ہاتھوں وہ ہلاک ہو گئے تھے۔ 

منی ایپلز کے ایک سفید فام پولیس افسر ڈیرک شوائن نے 46 سالہ نہتھے فلائیڈ کو اپنے گھٹنوں کے نیچے تقریبا نو منٹ تک دبا کر رکھا تھا جس سے ان کی موت ہو گئی تھی۔ ایک ماہ قبل ہی ریاست کی ایک عدالت نے اس کے لیے پولیس افسر ڈیرک شوائن کو قتل کا قصور وار ٹھہرایا ہے۔

جارج فلائیڈ کی موت کے بعد ہی امریکا بھر میں سیاہ فام شہریوں کی زندگيوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے والی تحریک "بلیک لائیو میٹر"  پھر سے چل پڑی تھی اور اس کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے ہوئے تھے۔ 

USA Minnesaota George Floyd Gedenkmarsch Jahrestag Protest
تصویر: Christian Monterrosa/AP Photo/picture alliance

 اتوار کے روز فلائیڈ کے اہل خانہ، انسانی حقوق کے بہت سے کارکنان اور پولیس کے تشدد کی زد میں آنے والے بہت سے دیگر متاثرین کے اہل خانہ اس موقع پر منی ایپلز کے ڈاؤن ٹاؤن میں واقع اس عدالت کے باہر جمع ہوئے جہاں تقریباً ایک ماہ قبل ہی اس مقدمے کی سماعت مکمل ہوئی تھی۔

 اس میں شرکت کرنے والے بہت سے لوگوں نے اپنے ہاتھوں میں جارج فلائیڈ، فلانڈو کیسل اور ایسے بہت سے دیگر سیاہ فام افراد کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں جو پولیس کے ہاتھوں قتل ہو چکے ہیں۔ شرکاء بلیک لائیو میٹر کی تحریک کی طرز پر ہی نعرہ لگا رہے تھے، "اگر انصاف نہیں، تو امن بھی نہیں۔" 

گزشتہ ایک برس تکلیف دہ رہا

اس ریلی کے دوران نے بہت سے کارکنان، فلائیڈ کی فیملی کے کئی ارکان اور ان کے وکیل بین کرم سمیت بہت سے دیگر افراد نے اس اجتماع سے خطاب کیا۔ فلائیڈ کی بہن بریٹ نے اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا، "یہ بڑا طویل برس رہا۔ یہ بہت ہی تکلیف دہ سال رہا۔ میں ان کی آواز بن کر کھڑی ہوں گی۔ میں ان کے بدلے کھڑی ہوں گی اور ان کے لیے تبدیلی کی ضامن بنوں گی۔"

Symbolfoto Antidiskriminierungsgesetz I Antidiskriminierung I Antirassismus
تصویر: Christoph Soeder/dpa/picture alliance

سیاہ فاموں کے لیے  جد و جہد کرنے والے معروف سماجی کارکن ریورنڈ ال شارپٹن نے اس موقع پر کہا کہ جاج فلائیڈ کی ہلاکت، "امریکی تاریخ کا سب سے بڑا بدنام داغ ہے۔"  ان کا کہنا تھا، "جو کچھ بھی جارج یا پھر بہت سے دیگر افراد کے ساتھ ہوا، اس سے صرف امریکا میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں تبدیلی آ رہی ہے۔  انہوں نے سوچا کہ اس سے ان کا کچھ نہیں بگڑے گا اور پھر آپ سب  وبا کے دوران ہی انصاف کے لیے گلیوں میں نکل پڑے، سیاہ اور سفید فام، نوجوان اور بزرگ سب مل کر۔" 

Minnesota George Floyd Gedenkmarsch Jahrestag Protest
تصویر: Nicholas Pfosi/REUTERS

نیو یارک میں بھی جارج فلائیڈ کی یاد میں ریلی

اتوار کے روز جارج فلائیڈ کی یاد میں نیو یارک کے بروکلین میں بھی ایسی ہی ایک بڑی ریلی ہوئی جس میں ان کے بھائی ٹیرنس نے شرکت کی۔ اس کے موقع پر ٹیرنس نے حامیوں سے کہا کہ  انہیں پولیس کے ہاتھوں قتل ہونے والے دیگر متاثرین کی خاطر بھائی جارج فلائیڈ کے نام کو زندہ رکھنے کی ضرورت ہے۔

پولیس تشدد کے خلاف غم وغصہ اب پوری دنیا میں پھیلتا ہوا

جارج فلائیڈ کی برسی سے پہلے اس واقعے کے سلسلے میں کئی دیگر پروگرام بھی ہوئے اور اس سے متعلق افراد نے آن لائن میٹنگ کر کے مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی بات چيت کی۔ اطلاعات کے مطابق پیر کے روز بھی ایسے مزید پروگرام طے ہیں جبکہ برسی کے دن یعنی منگل کے روز ایک کمیونٹی فیسٹیول کے ساتھ ساتھ شمعیں روشن  کر کے مارچ کرنے بھی پروگرام ہے۔

ص ز/ ج ا   ( اے ایف پی، اے پی) 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں